Aaj Logo

شائع 13 جنوری 2025 08:16am

کرم صورتحال: ٹل پارا چنار مرکزی شاہراہ کی بندش کو 100 روز مکمل، شہری تاحال عذاب میں مبتلا

کرم میں ٹل پارا چنار مرکزی شاہراہ کی بندش کو 100 روز مکمل ہو گئے ہیں، شاہراہوں کی بندش سے اشیائے ضروریہ کا فقدان ہے اور شہری فاقوں پر مجبور ہیں۔ پٹرول اور ڈیزل کی قلت، بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے باعث شہریوں کو پانی کی فراہمی میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

تحفظ تنظیم ملت کی صدر مسرت منتظر کا کہنا ہے کہ ادویات کی عدم دستیابی اور معیاری علاج نہ ملنے سے بچوں سمیت 300 سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

تحصیل چیئرمین مزمل حسین کا کہنا ہے کہ علاج نہ ملنے کی وجہ سے ایک اور پھول جیسا بچہ کل دم توڑ گیا۔

راستوں کی طویل بندش کے باعث پاراچنار میں آج شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کیا گیا ہے۔

صدر ٹریڈ یونین حاجی امداد حسین کا کہنا ہے کہ آج شہر کے تمام کاروباری مراکز اور دکانیں بند رہیں گے، جب تک کانوائے نہیں آتا بازار بطور احتجاج بند رہے گا۔

حاجی امداد حسین نے کہا کہ ٹل میں 160 گاڑیاں ابھی بھی کانوائے کیلئے انتظار میں ہیں۔

دوسری جانب مندوری میں دھرنا آج بھی جاری ہے، شرکا کا کہنا ہے کہ مطالبات نہ ماننے تک دھرنا جاری رہے گا۔

شرکا کا مطالبہ ہے کہ بگن متاثرین کیلئے ریلیف پیکج دیا جائے۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ روڈ کو محفوظ بنانے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔

Read Comments