امریکا، بیلجیئم، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت 12 ممالک نے مزید 107 پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کردیا ہے۔ مذکارہ ممالک سے بے دخل کئے گئے افراد جب کراچی پہنچے تو ان میں سے 14 کو منشیات کی اسمگلنگ، جعلی کرنسی اور دیگر الزامات کے تحت گرفتار کرلیا گیا، جبکہ دیگر کو گھر واپس جانے کی اجازت دے دی گئی۔
پاکستان کے مقامی انگریزی اخبار نے امیگریشن ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران متحدہ عرب امارات سے 13، عراق سے 12، سعودی عرب سے 4، عمان سے 3، بیلجیئم، قطر اور قبرص سے2، 2 اور امریکا، کمبوڈیا، ملائیشیا اور بحرین سے ایک ایک پاکستانی کو ڈی پورٹ کیا گیا۔
خیال رہے کہ حکومت پاکستان کو ہزاروں کی تعداد میں بیرون ملک مقیم پاکستانی شہریوں کی شکایات موصول ہو رہی ہیں جو چوری، منشیات فروشی اور بھیک مانگنے جیسے جرائم میں ملوث ہیں۔
سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات بارہا یہ مدعا حکومت کے سامنے اٹھا چکے ہیں۔
ویزا بار بار مسترد ہونے کی اہم وجوہات، تیاری کیسے کی جائے
وزارت داخلہ نے ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے کڑے اقدامات بھی کئے ہیں، جن میں پاسپورٹ منسوخی بھی شامل ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز مختلف ممالک سے 64 پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کیا گیا، جن میں عمان سے 10، سعودی عرب سے 4 اور قطر، امریکا اور سینیگال سے ایک ایک پاکستانی شامل ہے۔
اسی طرح دبئی سے 47 پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کیا گیا جن میں مختلف خلاف ورزیوں اور مختلف کیٹیگریز میں ملوث مسافر بھی شامل ہیں۔ گیارہ پاکستانیوں پر منشیات کی سمگلنگ کا الزام تھا اور انہیں متحدہ عرب امارات میں سزا کاٹنے کے بعد پاکستان واپس بھیج دیا گیا تھا، جب کہ دو پاکستانیوں پر دبئی میں جعلی کرنسی گردش کرنے کا الزام تھا۔
علاقہ ازیں، ایف آئی اے امیگریشن کے عملے نے مختلف وجوہات کی بنا پر کراچی سے روانہ ہونے والے مزید 55 مسافروں کو آف لوڈ کردیا۔ اس آف لوڈنگ سے مسافروں کو ٹکٹ کینسل ہونے کی وجہ سے یومیہ 10 ملین روپے سے زائد کا نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔
امیگریشن ذرائع کے مطابق قطر، سعودی عرب اور عمان جانے والے چار مسافروں کے نام اسٹاپ لسٹ میں ہونے کی وجہ سے ان کو اتار دیا گیا۔
اس کے علاوہ آف لوڈ کئے گئے مسافروں میں سے ایک وزٹ ویزے پر کینیڈا جارہا تھا اور دو نیپال جا رہے تھے، ایک لڑکی وزٹ ویزے پر ترکی جا رہی تھی، ایک ورک ویزا پر آذربائیجان جا رہی تھی، ایک دن پہلے پیشگی ہوٹل کی بکنگ، متعلقہ دستاویزات اور اخراجات کے لیے ناکافی فنڈز کے باعث عمرہ ویزا پر سعودی عرب جانے والے 10 مسافروں کو آف لوڈ کر دیا گیا۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک مسافر کو ورک ویزا پر آذربائیجان جانے اور ایک کو مستقل رہائشی کارڈ پر سوئٹزرلینڈ جانے سے روکا گیا۔
ورک ویزے پر سعودی عرب جانے والے 4 افراد کو نامکمل دستاویزات کی وجہ سے آف لوڈ کیا گیا۔
عمرہ ویزے پر جانے والے نو مسافروں کو ہوٹل کی ایڈوانس بکنگ اور اخراجات کے لیے ناکافی فنڈز اور دیگر وجوہات کی بنا پر آف لوڈ کر دیا گیا۔
اس کے علاوہ وزٹ ویزے پر عراق جانے والے دو مسافر، چار وزٹ اور ورک ویزے پر اور دو ورک ویزا پر عمان جانے والے مسافر، ایک ٹورسٹ ویزا پر ترکیجانے والے مسافر، ایک ورک ویزا پر الجزائر جانے والے، دو ٹورازم ویزا پر متحدہ عرب امارات جانے والے اور ، دو کو اسٹوڈنٹ اور وزٹ ویزا پر ملائیشیا جانے والے ، بحرین جانے والی ایک خاتون اور ای ویزے پر سری لنکا، یوگنڈا اور سنگاپور جانے والے تین مسافر بھی آف لوڈ کئے گئے۔
بنگلہ دیش نے پاکستانیوں کیلئے ویزا شرائط نرم کر دیں
وزٹ ویزا پر صومالیہ اور عمرہ ویزے پر سعودی عرب جانے والے ایک شہری کو بھی آف لوڈ کیا گیا۔
رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ ان دنوں مختلف ایئرلائنز ناقابل واپسی ٹکٹ جاری کر رہی ہیں۔ عام یا مزدور طبقے کے لوگ اکثر کم قیمت کی تلاش میں ناقابل واپسی ٹکٹ خریدتے ہیں۔ جب ایسے مسافروں کو آف لوڈ کیا جاتا ہے تو ان کے ٹکٹ کالعدم ہو جاتے ہیں جس سے روزانہ لاکھوں روپے کا نقصان ہوتا ہے۔
ماضی میں سعودی عرب میں 4 ہزار سے زائد پاکستانی بھکاریوں کو گرفتار کیا گیا ہے، خاص طور پر مکہ اور مدینہ سے، جہاں وہ عمرہ اور حج کے کے دوران بھیک مانگتے ہوئے پکڑے گئے تھے۔ ان ممالک کے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کئی پاکستانیوں کو غیر قانونی منشیات لے جانے اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر گرفتار کر کے جیلوں میں بھی ڈالا ہے۔
اس کے نتیجے میں پاکستانی پاسپورٹ اور ملک کے شہریوں پر کئی ممالک کی جانب سے سخت پابندیاں عائد کی گئی ہیں، جس کے نتیجے میں ہر ماہ ہزاروں مسافروں کے ویزے مسترد ہو رہے ہیں۔