Aaj Logo

شائع 12 جنوری 2025 12:27pm

جی ڈی اے اور پی ٹی آئی میں رابطہ، پیر پگارا کا عمران خان کیلئے پیغام

اپوزیشن اتحاد کے حوالے سے اہم سیاسی پیش رفت سامنے آئی ہے، حروں کے روحانی پیشوا اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے سربراہ پیر صاحب پگارا سید صبغت اللہ شاہ راشدی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے درمیان اہم رابطہ ہوا ہے۔

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف کی پیر پگارا سے اہم ملاقات ہوئی ہے جس میں سینئیر سیاستدان محمد علی درانی بھی موجود تھے۔

رپورٹ کے مطابق پیر پگارا نے عمران خان کے لئے نیک تمناﺅں اور خیرسگالی کا پیغام پہنچایا، جبکہ بیرسٹر محمد علی سیف نے عمران خان کی طرف سے پیر پگارا اور جی ڈی اے کی قیادت کے لئے نیک تمناﺅں کا پیغام پہنچایا۔

ملاقات کے دوران قائدین کی سیاسی صورتحال اور مستقبل کی حکمت عملی کے حوالے سے اہم مشاورت ہوئی، پی ٹی آئی اور جی ڈی اے نے ملک کو درپیش مسائل کے حل کے لئے مشاورت پر اتفاق کیا، اجلاس میں مستقبل میں رابطوں کو مزید بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

بیرسٹر محمد علی سیف نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی طرف سے نیک تمناؤں کا پیغام دیا جس پر پیر پگارا نے ان کے لئے جوابی خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔

اس موقع پر بیرسٹر سیف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیر پگارا پاکستان کی قابل احترام شخصیت ہیں، پاکستان کو مسائل سے نکالنے میں اُن کی سیاسی بصیرت اہم ہے۔

پیر پگارا نے اپوزیشن کو قریب لانے میں محمد علی درانی کے کردار کو سراہا اور کہا کہ اپوزیشن جماعتوں میں باہمی رابطوں کے لیے وہ اپنا کردار مزید بڑھائیں۔

بیرسٹر سیف نے پارٹی قیادت کی جانب سے اپوزیشن جماعتوں میں رابطوں کے حوالے سے محمد علی درانی کی کاوشوں کی تحسین کی۔

Read Comments