Aaj Logo

شائع 10 جنوری 2025 08:09pm

نجی سطح پر حج پر کتنے اخراجات ہوں گے، وفاقی حکومت کا اہم فیصلہ

وفاقی وزارت مذہبی امور نے حج 2025 کے حوالے سے اہم فیصلہ کرتے ہوئے نجی حج منظم کمپنیوں اور ذیلی کمپنیوں کو بکنگ کی اجازت دے دی اور نجی عازمین حج کے پیکیج کی تفصیلات بھی جاری کردی۔

ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق وزارت مذہبی امور نے نجی حج منظم کمپنیوں اور ذیلی کمپنیوں کو بکنگ کی اجازت دے دی ہے، رواں سال نجی حج اسکیم کی بکنگ 10 جنوری سے 31 جنوری تک جاری رہے گی۔

وزارت مذہبی امور نے پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت مختلف حج پیکیجز کی تفصیلات ویب سائٹ پر جاری کی ہیں، تفصیلات کے مطابق نجی اسکیم کے بنیادی حج پیکیج پونے 11 لاکھ سے ساڑھے 21 لاکھ کے درمیان رکھے گئے ہیں۔

حج منظم کمپنیاں سہولت کی فراہمی کے معاہدے (SPA) کے مطابق پرائیویٹ عازمینِ حج کی بکنگ کریں گی، اضافی سہولیات کے باعث 30 لاکھ سے زائد حج پیکیج ’حج پالیسی فامولیشن کمیٹی‘ سے منظور کروانا ہوگا۔

حج درخواستیں جمع کرانے سے رہ جانے والے عازمین کے لیے خوشخبری

حج پروازوں سے متعلق وزارت مذہبی امور اور پی آئی اے کے درمیان معاہدہ طے پا گیا

آئندہ برس بچوں اور خواتین پر حج پابندی کی خبریں زیر گردش، حقیقت کیا ہے؟

حج منظم کو 30 لاکھ سے زائد حج پیکیج کی منظوری کے وقت لازمی طور پر مکمل تفصیل فراہم کرنا ہوں گی، 3 ملین سے زائد حج پیکیج بیچنے اور خریدنے والوں کے کوائف ایف بی آر اور متعلقہ اداروں کے ساتھ شیئر کیے جائیں گے۔

ترجمان مذہبی امور کا مزید کہنا ہے کہ نجی عازمین حج بکنگ کرواتے وقت وزارت کی ویب سائٹ اور موبائل ایپ ’پاک حج‘ سے لازمی تصدیق کرلیں، پیسوں کا لین دین صرف کمپنی کے بینک اکاؤنٹ کے ذریعے کریں اور سہولیات کا معاہدہ لازمی طلب کریں۔

وزارت کی جانب سے نجی عازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ حج کے لیے بکنگ کرواتے وقت حج پیکیج کی سہولیات کو اچھی طرح سمجھ لیں۔

Read Comments