Aaj Logo

شائع 10 جنوری 2025 03:50pm

ٹینکر کی ٹکر سے دو کزنز جاں بحق، عینی شاہدین نے کیا دیکھا

کراچی: شہید ملت روڈ پر پیش آنے والے ایک خوفناک ٹینکر حادثے نے سب کو ہلا کر رکھ دیا۔ کزن برکت علی نے واقعے کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ دونوں جاں بحق افراد اسرار اور نعمان آپس میں رشتہ دار تھے اور دونوں گھر سے واپس آ رہے تھے۔

برکت علی نے بتایا کہ اسرار اپنے بچوں کو طارق روڈ پر واقع مدرسے چھوڑ کر نعمان کو اپنے ساتھ لے کر آ رہا تھا کہ اچانک یہ حادثہ پیش آیا۔

عینی شاہدین کے مطابق ٹینکر کا ڈرائیور کم عمر اور نشے میں تھا، جس نے لاشوں کو سو میٹر تک گھسیٹا۔

برکت علی نے مزید کہا کہ ڈرائیور کے پاس نہ تو لائسنس تھا اور نہ ہی شناختی کارڈ، اور یہ لوگ بغیر کسی پوچھ گچھ کے چوبیس گھنٹے ہیوی گاڑیاں چلاتے ہیں۔

شہید ملت بریچ، واٹر ٹینکر نے مزید 2 افراد کی جان لے لی

انہوں نے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ اور آئی جی سندھ سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لیں، کیونکہ خالی گاڑیوں کے چالان کرنا مسئلے کا حل نہیں۔

برکت علی نے کہا کہ ”ٹینکر اور ٹرالر کے اکثر ڈرائیور نشے میں دھت ہوتے ہیں۔“ حادثے کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ موٹرسائیکل کے چار ٹکڑے ہو گئے اور دونوں کی گردنیں الگ ہوگئیں۔ چھیپا کے رضا کاروں نے دونوں کی لاشوں کے ٹکڑے اکٹھے کیے۔

برکت علی نے کہا کہ ”ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، اور ہم انصاف کے منتظر ہیں۔“

Read Comments