حالیہ دنوں میں عبدالاحد اور ان کی والدہ مدیحہ کاظمی کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں جن میں 18 سال کے بعد احد کی والدہ کا نکاح ہوا۔ اب دونوں ماں بیٹے نے نکاح کی تفصیلات شیئر کی ہیں۔
میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں عبدالاحد نے کہا گزشتہ 18 سالوں میں ہماری اماں کے کئی رشتے آئے تھے اور ہم نے شادی کے لیے اصرار کیا لیکن وہ شادی کے لیے کبھی سنجیدہ نہیں ہوئی تھیں ایک دن میرے آفس سے گھر آنے کے بعد میری والدہ نے میرے کمرے میں آکر کہا تمہاری بہن میرے لیے ایک رشتہ لائی ہے۔
’کسی کے نکاح پر پہلی بار گواہ بنا تھا، وہ بھی اپنی اماں کے‘، عبدالاحد کا انکشاف
احد کا کہنا ہے کہ میں نے اسے سننے کے بعد زیادہ دھیان نہیں دیا کیونکہ اماں کے نہ ماننے کی وجہ سے ہم نے اس حوالے سے کبھی بات ہی نہیں کی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک دو دن گذرنے کے بعد پھر والدہ کمرے میں آئیں اور کہا میری ان سے بات ہوئی ہے، تب مجھے محسوس ہوا کہ والدہ سنجیدہ ہیں، انہوں نے مجھ سے ایک باربات کرنے کے لیے کہا ۔ میرے لیے ایسا کرنا تھوڑا مشکل تھا لیکن میں نے ان سے بات کرلی۔
احد کا کہا کہ نکاح کے وقت مولوی صاحب بھی کافی خوش تھے اور کہہ رہے تھے کہ ایسا کافی کم دیکھنے کو ملتا ہے کہ بیٹا ماں کے نکاح میں گواہ بنا ہے۔
نکاح کی تفصیلات بتاتے ہوئے مدیحہ کاظمی نےکہا کہ ’جب میری پہلے شوہر سے طلاق ہوئی تو میرے بچے بہت چھوٹے تھے ، بچوں کے خیال سے میں نے دوبارہ شادی نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ ہمارے معاشرے میں بھی یہی رواج ہے کہ بچوں کو کوئی نہیں اپناتا، اسی لیے میں کوئی بھی قدم اٹھانے سے ڈرتی تھی‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں نے سب سے پہلے اپنے شوہر سے یہی بات کی کہ اگر آپ میرے بچوں کو اپنائیں گے تب ہی میں نکاح کروں گی۔
انہوں نے تمام سنگل پیرینٹ کو بھی یہ مشورہ دیا کہ وہ اپنی زندگی کو ایک اور موقع دیں اور اچھا جیون ساتھی ملنے پرشادی کرلیں۔
احد کے مطابق والدہ کے نکاح کی ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے پرمجھے مثبت ردعمل ملا۔ جس کی مجھے توقع نہیں تھی اور اسی وجہ سے میں ایسا کرنے سے گھبرا رہاتھا لیکن دوستوں کے کہنے پر میں نے ویڈیو پوسٹ کردی۔