سابق وزیر خزانہ اسد عمر نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کے دور حکومت میں جنرل عاصم منیر نے متحدہ عرب امارات سے 2 ارب ڈالر کا قرض حاصل کرنے میں ’کلیدی کردار‘ ادا کیا تھا۔
سابق وزیرخزانہ اسد عمر نے دعویٰ کیا ہے کہ موجودہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے متحدہ عرب امارات سے مالی قرض کے حصول میں ”کلیدی کردار“ ادا کیا جب وہ پاکستان تحریک انصاف کے دور میں انٹر سروسز انٹیلی جنس کے ڈائریکٹر جنرل کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔
آج نیوز کے پروگرام “ روبرو“ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ”کیا وقت آگیا ہے کہ ہم قرضوں کا جشن منا رہے ہیں۔ وہ ایک پرانا قرض ہے اور انہوں نے ہمیں صرف اتنا کہا ہے کہ ہم آپ سے پشت پناہی نہیں لے رہے ہیں۔ ہم اسے اگلے سال لیں گے اور اس پر بہت خوشی ہے،“۔
اسد عمر نے کہا “جب ہمیں متحدہ عرب امارات سے یہ 2 بلین ڈالر کا قرض ملا تو میں وزیر خزانہ تھا۔ مجھے آپ کو بتانا ضروری ہے کہ اس وقت کے ڈی جی آئی ایس آئی اور موجودہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے اس میں کلیدی کردار ادا کیا تھا’’۔
جب ان سے دوبارہ پوچھا گیا تو سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ میں نے جیل میں بند سابق وزیر اعظم عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ قریشی کے ساتھ مل کر امارات کا دورہ کیا تھا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پہلے بھی جنرل منیر کو خلیجی ملک بھیجا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ اور جنرل منیر متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شہزادہ محمد بن زید النہیان کے قریبی نمائندے کے ساتھ حتمی مذاکرات میں ایک ساتھ تھے۔ ”لہذا، میں آپ کو بتا سکتا ہوں کہ ان کا اس میں مرکزی کردار تھا۔“
اس ہفتے کے شروع میں، وزیر اعظم شہباز شریف نے کابینہ کو بتایا تھا کہ متحدہ عرب امارات نے اس ماہ پاکستان کی طرف سے واجب الادا 2 بلین ڈالر کی ادائیگی پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
پاکستان کے لیے 7 بلین ڈالر کے بیل آؤٹ پیکج کو گرین لائٹ کرنے کے لیے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے لیے بیرونی فنانسنگ کا حصول ایک اہم ضرورت ہے۔
پچھلے سال پاکستان کو دوست ممالک بشمول چین، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کی جانب سے اہم حمایت حاصل ہوئی، جنہوں نے آئی ایم ایف پروگرام کو محفوظ بنانے میں ملک کی مدد کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کو 7 ارب ڈالر کے 37 ماہ کے قرض پروگرام کا اگلا جائزہ فروری میں متوقع ہے۔
اتوار کو متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان نے پاکستان کے ساتھ کان کنی، معدنیات اور زراعت کے شعبوں میں تعاون کرنے میں امارات کی گہری دلچسپی ظاہر کی ہے۔
یہ بات انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران کہی جنہوں نے رحیم یار خان میں ان سے ملاقات کی۔ متحدہ عرب امارات کے صدر نے عوام سے عوام کے روابط اور مشترکہ خوشحالی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے پاکستان کے ساتھ اپنی دیرینہ شراکت داری کو بڑھانے کے لیے متحدہ عرب امارات کے عزم کا اعادہ کیا۔