Aaj Logo

شائع 09 جنوری 2025 05:57pm

بھارت اہم علاقائی اور اقتصادی شراکت دار ہے، افغان طالبان

طالبان کے دفتر خارجہ نے دبئی میں اعلیٰ سطح اجلاس میں اہم عہدیداروں کی ملاقات کے بعد بھارت کو اہم علاقائی اور اقتصادی شراکت دار قرار دیا ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق بھارت اور طالبان کے عہدیداروں کے درمیان آخری ملاقات 2021 میں ہوئی تھی۔ واضح رہے کہ دبئی میں بھارت کے سیکرٹری خارجہ وکرم مصری نے قائم مقام وزیرخارجہ امیر خان متقی سے بدھ کو دبئی میں ملاقات کی۔

افغانستان کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ اجلاس میں افغانستان کے ساتھ تعلقات کو وسعت دینے اور فروغ دینے پر بات چیت کی گئی جبکہ بھارت نے ایران میں چابہار بندرگاہ کے ذریعے تجارت کو فروغ دینے پر زور دیا۔

واضح رہے کہ بھارت چابہار بندرگاہ کے ذریعے تجارت کو اس کے لیے فروغ دینے کا مطالبہ کررہا ہے تا کہ کراچی اور گوادر کی بندرگاہوں کو بائی پاس کیا جا سکے۔

افغانستان کی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ “کابل کی خارجہ پالیسی معیشت کو مضبوط کرنے پر مرکوز ہے، امارت اسلامیہ کا مقصد بھارت کے ساتھ اقتصادی تعلقات اور شراکت داری بڑھانا ہے اور نئی دہلی ایک اہم علاقائی شراکت دار ہے۔

خیال ہے کہ بھارت سمیت کسی غیرملکی حکومت نے طالبان انتظامیہ کو سفارتی سطح پر تسلیم نہیں کیا ہے۔ چین اور روس بھی افغانستان کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کا اشارہ دے چکے ہیں۔

Read Comments