Aaj Logo

شائع 09 جنوری 2025 02:14pm

1100 ارب روپے کے ترقیاتی بجٹ سے اب تک صرف 148 ارب خرچ کئے جانے کا انکشاف

وفاقی وزارت برائے منصوبہ بندی نے ترقیاتی بجٹ سے ہوئے چھ ماہ کے اخراجات کی تفصیلات جاری کر دی ہیں، جس میں انکشاف ہوا ہے کہ 1100 ارب روپے کے بجٹ سے اب تک صڑف 148 ارب روپے ہی خرچ کئے گئے ہیں۔

وزارتِ منصوبہ بندی نے بتایا کہ رواں مالی سال کا نظرِ ثانی شدہ پی ایس ڈی پی 1100 ارب روپے ہے، پہلے چھ مہینوں میں 148 ارب روپے ترقیاتی منصوبوں پر خرچ ہوئے۔

وزارتِ منصوبہ بندی نے بتایا کہ چھ ماہ میں 376 ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز کے اجراء کی منظوری دی گئی، وفاقی وزارتوں کے ترقیاتی منصوبوں پر 124 ارب 52 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔

اسی طرح کارپوریشنز کے ترقیاتی منصوبوں پر 23 ارب 60 کروڑ روپے اور وزارت آبی وسائل کے منصوبوں پر 32 ارب روپے خرچ ہوئے۔

وزارتِ منصوبہ بندی کے مطابق صوبوں اور خصوصی علاقوں کے ترقیاتی منصوبوں پر 46 ارب روپے جبکہ وفاقی وزارت تعلیم کے ترقیاتی منصوبوں پر 2 ارب 88 کروڑ روپے خرچ کیے گئے۔

وزارتِ منصوبہ بندی نے بتایا کہ وزارتِ صحت کے ترقیاتی منصوبوں پر 2 ارب 69 کروڑ روپے اور ایچ ای سی کے ترقیاتی منصوبوں پر 9 ارب 67 کروڑ روپے خرچ ہوئے ہیں۔

Read Comments