Aaj Logo

شائع 09 جنوری 2025 11:04am

پاراچنار ٹل مین سڑک پر محدود آمد و رفت شروع، مختصر تعداد میں پہنچی اشیائے ضروریہ پہنچتے ہی ختم

ضلع کرم میں پاراچنار ٹل مین سڑک پر محدود آمد و رفت شروع ہوچکی ہے، ضلعی انتظامیہ کے مطابق 35 گاڑیوں پر مشتمل قافلہ کل کرم پہنچایا گیا تھا اور 10 گاڑیوں پر مشتمل امدادی سامان بگن متاثرین کو دیا گیا۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اپر کرم کے سرحدی گاؤں تری منگل، مقبل اور بوشہرہ کیلئے بھی سامان بھجوایا گیا۔

انجمن تاجران پاراچنار کے صدر حاجی امداد کا کہنا ہے کہ اشیائے ضروریہ پر مشتمل چند ٹرک اور چند دیگر چھوٹی گاڑیاں پاراچنار پہنچے تو شہریوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، زیادہ تر اشیاء گاڑیوں سے ہی بک گئیں۔

پولٹری ایسوسی ایشن کے رہنما عابد حسین نے بتایا کہ مرغیوں کی گاڑیاں پہنچتے ہی موقع پر مرغیاں ختم ہوگئیں، گاڑیوں میں زیادہ تر مرغیاں مردہ حالت میں پائی گئیں۔

صدر ٹریڈ یونین حاجی امداد کا کہنا ہے کہ چار لاکھ سے زیادہ آبادی کیلئے محدود گاڑیاں ناکافی ہیں، پاراچنار میں کمی کو پورا کرنے کیلئے کم از کم پانچ سو ٹرک سامان کی ضرورت ہے۔

سماجی رہنما میر افضل خان کا کہنا ہے کہ پاراچنار شہر میں زیادہ ضرورت میڈیسن، ایل پی جی اور ایندھن کی ہے، ایل پی جی اور تیل پر مشتمل گاڑیوں کو پاراچنار کی جانب روانہ کیا جائے، سامان کے ساتھ ساتھ مسافروں کے کانوائے بھی چلائے جائیں۔

Read Comments