Aaj Logo

شائع 09 جنوری 2025 08:55am

کراچی کے سرد موسم سے ادبی فضا گرم، معروف شاعرہ ناصرہ زبیری کی رہائش گاہ پر محفل مشاعرہ کا انعقاد

کراچی کے سرد موسم کو ادبی فضا نے گرم کر رکھا ہے۔ معروف شاعرہ ناصرہ زبیری کی رہائش گاہ پر محفل مشاعرہ منعقد ہوا جس میں شریک شعیب بن عزیز، افضال احمد سید، شاہدہ حسن، نجمہ عثمان، جاوید صبا اور تنویر انجم سمیت دیگر شعراء نے محفل کو چار چاند لگا دیئے۔

کراچی آج کل شعرا کا مرکز بنا ہوا ہے، ملک کے مختلف شہروں اور بیرون ممالک سے آئے شعرا کی سخن شناس محفلیں اپنا رنگ جما رہی ہیں۔

معروف شاعرہ ناصرہ زبیری اور شہاب زبیری کی رہائش گاہ پر محفل سخن سجائی گئی۔

مشاعرہ میں شعیب بن عزیز، افضال احمد سید، ساکنان شہرقائد کے منتظم اعلی محمود احمد خان، شاہدہ حسن، نجمہ عثمان، جاوید صبا، تنویر انجم، خالد معین، وحید نور، کامران نفیس اور ڈاکٹر عمیر احمد خان سمیت دیگر نے شرکت کی۔

افضال احمد سید نے مشاعرے کی صدارت کی، جبکہ ملتان سے آئے ہوئے معروف شاعر شعیب بن عزیز مہمان خصوصی تھے۔

معروف شاعرہ ناصرہ زبیری نے اپنے خوبصورت انداز سے غزل پیش کی اور خوب داد پائی۔

معروف شاعر جاوید صبا اور رائٹرز اینڈ ریڈرز کیفے کی بانی تنویر انجم نے بھی اپنا کلام پیش کیا۔

کینیڈا سے تشریف لائی ہوئی سینئر شاعرہ شاہدہ حسن اور جرمنی سے آئی ہوئیں نجمہ عثمان نے خوبصورت کلام پیش کرکے محفل کو گرما دیا۔

خالد معین، وحید نور، کامران نفیس، ڈاکٹر سکندرعلی مطرب، شائشہ مفتی، تسنیم حسین، سیمان نوید اور کامران مغل نے بھی اپنا منتخب کلام سنایا اور خوب داد سمیٹی۔

محفل کے اختتام پر شہاب زبیری نے شرکا کا شکریہ ادا کیا۔

Read Comments