Aaj Logo

شائع 06 جنوری 2025 10:42pm

جذبہ حب الوطنی سے چلو، حلفاً کہتی ہوں ملک کو ترقی سے کوئی نہیں روک سکتا، مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں ’ہونہار اسکالر شپ پروگرام‘ کی تقریب میں خطاب کے دوران طلبہ کو مخاطب کرکے کہا کہ اگر آپ بھرپور ذمہ داری کے ساتھ ملک و قوم کی خدمت کا جذبہ ساتھ لے کر چلو گے تو میں حلفاً کہتی ہوں کہ اس ملک کو ترقی سے کوئی روک نہیں سکتا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے ہونہار اسکالر شپ حاصل کرنے والے طلبہ میں چیک تقسیم کیے، مریم نواز نے ہر طالب علم اور طالبہ کو شاباش دی اور اظہار شفقت کیا جبکہ انہوں نے طلبہ کے ساتھ سیلفی بھی بنوائیں۔

دوران خطاب انہوں نے کہا کہ ’میں صرف یہ چاہتی ہوں کہ آپ کبھی ملک کے خلاف نہ جائیں، جو شخص ملک کو آگ لگانے، شاہراہیں بند کرنے، پولیس پر تشدد کے لیے اکسانے کی باتیں کرے اس کے بہکاؤے میں مت آئیں۔

مریم نواز نے کہا کہ ’بطور ماں آپ سے مخاطب ہوں کہ اگر ملک کو نقصان پہنچانے کی باتیں اچھی ہوتی تو وہ معافیاں مانگ کر جیلوں سے باہر نہ آتے، مجھے تکلیف ہوئی جب انہیں عوام کے سامنے معافی مانگنی پڑی، وہ کسی کے بہکاؤے میں آگئے تھے، یہ ایک جمہوری معاشرہ ہے جہاں سیاسی نظریہ رکھنا کوئی بری بات نہیں لیکن ہمیشہ تہذیب اور تمیز کے دئراے میں اظہار خیال کرو‘۔

مریم نواز نے کہا کہ ’مجھے نہیں معلوم وہ کس سمت میں جارہا ہے، لیکن کوئی آپ کے لیے دن رات کام کررہا ہے وہ ملک کی ترقی کا امین ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے طلبہ کو مخاطب کرکے کہا کہ ’آپ میں ہر شخص پاکستان ہے کیوں کہ پاکستان کا جھنڈا آپ کے ہاتھ میں ہے اور آپ ہی اس ملک کا مستقبل ہیں‘

مریم نواز نے طلبہ پر زور دیا کہ ’اگر آپ بھرپور ذمہ داری کے ساتھ ملک و قوم کی خدمت کا جذبہ ساتھ لے کر چلو گے تو میں حلفاً کہتی ہوں کہ اس ملک کو ترقی سے کوئی روک نہیں سکتا۔

دوران تقریب مریم نواز نے طلبہ کی طرف سے تحفے میں ملنے والی اجرک اپنی چادر اتار کر اوڑھ لی اور طالبات کے درمیان بیٹھ گئیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے ہونہار اسکالر شپ حاصل کرنے والے طلبہ میں چیک تقسیم کیے، طلبہ کو شاباش دی اور اظہار شفقت کیا جبکہ انہوں نے طلبہ کے ساتھ سیلفی بھی بنوائیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے تقریب میں اسکالر شپ کو 100 ارب روپے تک بڑھانے کا اعلان کیا اور کہا کہ اگلے سال سے مزید 20 ہزار ہونہار سکالر شپ بڑھائی جائیں گے۔

Read Comments