Aaj Logo

شائع 04 جنوری 2025 05:53pm

پولینڈ کی شہری خاتون نے بنا اجازت بیٹی پاکستان لانے پر شوہر کے خلاف پاکستانی عدالت کا دروازہ کھٹکھٹا دیا

پولینڈ کی شہری خاتون نے اپنی بیٹی اجازت کے بغیر پاکستان لے آنے پر مبینہ شوہر کے خلاف پاکستانی عدالت کا دروازہ کھٹکھٹا دیا۔

پولینڈ کی شہری اننا مونیکا نے بیٹی واپس لینے کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا اور بتایا کہ سندھ کا رہائشی عدیل ان کی بیٹی انیتا مریم خان کو جنوری 2022 میں پاکستان لے آیا تھا۔

بچی کی والدہ نے مؤقف اپنایا کہ پولینڈ کی ضلعی عدالت نے شوہرعدیل خان کی بیٹی حوالگی کی درخواست مسترد کی تھی، جس پر شوہر میرے ہسپتال داخل ہونے کے دوران پولینڈ کی شہریت رکھنے والی بیٹی کو پاکستان لے آیا، کیس پولینڈ کی عدالت میں زیرسماعت ہونے کے دوران شوہر بدنیتی سے بیٹی کو پاکستان لایا۔

اسلام آباد ہائیکورٹنے سیکرٹری داخلہ کو آئی بی، ایف آئی اے اور نادرا افسران پر مشتمل جے آئی ٹی تشکیل دینے کا حکم دے دیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکم دیا کہ جے آئی ٹی بچی اور اُس کے والد کو ٹریس کرنے کیلئے اقدامات کرے، عدیل خان اور بیٹی کا نام ای سی ایل اور بلیک لسٹ میں شامل کیا جائے۔

عدالت نے کہا کہ بچی کی حفاظت کیلئے ضروری ہے کہ موثر اقدامات اٹھائے جائیں، اس کیلئے ہوم سیکرٹری سندھ اور آئی جی سندھ بھی تعاون کریں۔

Read Comments