Aaj Logo

شائع 04 جنوری 2025 04:09pm

عاطف اسلم نے نئےگلوبل میوزک پروگرام ’بارڈر لیس ورلڈ‘ متعارف کرادیا

معروف گلوکار، موسیقار و اداکار عاطف اسلم نے ملک سمیت دنیا بھر کے نئے اور ابھرتے ہوئے گلوکاروں کو مواقع فراہم کرنے کا میوزک پروگرام ’بارڈر لیس ورلڈ‘ متعارف کرادیا۔

عاطف اسلم نے سال 2024 کے اختتام پر اس پروگرام کا ٹیزر جاری کیا تھا اور اب انہوں نے اس کی باضابطہ شروعات کا اعلان کر دیا ہے۔

یاسر نواز نے علیزے شاہ کے خلاف بیان کیوں دیا؟

”بارڈر لیس ورلڈ“ کا افتتاحی پروگرام 3 جنوری کو پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں منعقد ہوا، جہاں شوبز اور میوزک کی کئی معروف شخصیات نے شرکت کی۔ یہ گلوبل میوزیکل پروگرام نئے ٹیلنٹ کو مواقع فراہم کرنے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے، جس کا مقصد عالمی سطح پر موسیقی کی دنیا میں نئی آوازوں کو متعارف کروانا ہے

پروگرام کے دوران، عاطف اسلم نے اپنے نئے میوزک پروگرام ”بارڈر لیس ورلڈ“ کے تحت جاری کردہ پہلے گانے ”پیراں“ پر شاندار پرفارمنس دی۔

یہ گانا عاطف نے اپنے یوٹیوب چینل پر بھی ریلیز کیا ہے، جس کی موسیقی اور شاعری دونوں انہوں نے خود تخلیق کی ہیں۔

”بارڈر لیس ورلڈ“ کو متعارف کراتے ہوئے عاطف اسلم نے میڈیا سے گفتگو میں اعلان کیا کہ اس پروگرام کے تحت دنیا بھر کے نئے اور ابھرتے ہوئے گلوکاروں کے گانے ریلیز کیے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ اس بار ”بارڈر لیس ورلڈ“ کا پہلا سیزن شروع کیا گیا ہے، جس کا مقصد ابتدائی طور پر پروگرام کو زیادہ سے زیادہ ممالک اور فنکاروں تک پہنچانا ہے۔

Read Comments