خیبرپختونخوا اسمبلی میں حکومت اور اپوزیشن نے قبائلی اضلاع میں فوجی آپریشن کی مخالفت کردی، اسپیکر اسمبلی نے امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ کے لیے کورکمانڈر کو بلانے کا اشارہ دے دیا۔
خیبر پختونخوا اسمبلی میں قبائلی اضلاع میں امن و امان کی صورتحال پر بحث کے دوران ان اضلاع میں ممکنہ آپریشن کے خلاف حکومت اور اپوزیشن ایک پیکج پر آگئے۔
اپوزیشن ارکان اسمبلی نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں آپریشن نہیں مانیں گے، حکومتی ارکان نے واضح کیا کہ آپریشن کا فیصلہ خیبر پختونخوا حکومت اور وزیر اعلیٰ کریں گے۔
اسپیکرنے کہا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی میں اٹھائے گئے سوالات غور طلب ہیں، 2 دہائیوں سے خیبر پختونخوا میں آپریشن ہوئے ہیں، لوگوں کا انخلا ہوا اور ان کی آبادکاری بھی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فوج اور منتخب نمائندوں کے درمیان اعتماد کا فقدان ہے۔ اسپیکر نے امن و امان کی صورت حال پر آئی جی خیبرپختونخوا کو طلب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپوزیشن لیڈر اور ارکان اسمبلی کو بریفنگ دیں گے۔
اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے کہا ہے کہ اگلے مرحلے میں کور کمانڈر کو امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ کیلئے بلایا جائے گا۔
علاوہ ازیں خیبر پختونخوا میں امن و امان کی خراب صورتحال پر اپوزیشن اراکین نے تحریک التواء پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایوان میں معمول کی کارروائی موخر کرکے آئی جی کو ایوان میں بلایا جائے۔
خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس اسپیکر بابر سلیم سواتی کی زیر صدرات ہوا ۔ اجلاس میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر احمد کنڈی نے تحریک التواء جمع کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی اضلاع میں امن و امن کی صورتحال تشویشناک ہو چکی، صوبے میں ایک بار پھر بدامنی شروع ہوچکی ہے۔
اے این پی کے رکن اسمبلی نثار باز نے ایوان کو بتایا کہ باجوڑ میں ایک بار پھر آپریشن کے لئے گاؤں خالی کرنے کی باتیں ہورہی ہیں، ضم اضلاع کے عوام کو ترقی سے محروم رکھا جار ہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضم اضلاع کو وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے مکمل نظر انداز کیا ہوا ہے، ہم خفیہ اطلاعات پر آپریشن کی مخالفت نہیں کرتے، تاہم مسائل کا حل آپریشن نہیں، آئی جی خیبر پختونخوا ہائوس کو بریفنگ دیں۔
نثار باز نے کہا کہ ہمیں اعتماد میں لیا جائے اور تمام معلومات دی جائیں کہ صوبے میں امن وامان کے لئے کیا ہو رہا ہے؟ ایوان میں بحث مکمل ہونے کے بعد ارکان نے تحریک التواء جمع کرا دی۔