Aaj Logo

اپ ڈیٹ 30 دسمبر 2024 06:07pm

نہ مجھے اسٹیبلشمنٹ سے ڈیل کرنی ہے نہ کوئی غیر ملک مجھے رہا کروا رہا ہے، عمران خان

پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی بہن علیمہ خان کے مطابق سابق وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ نہ انہیں اسٹیبلشمنٹ سے کوئی ڈیل کرنی ہے نہ کوئی غیر ملک انہیں رہا کروا رہا ہے۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا کہ لال مسجد آپریشن کی طرح لاشیں دفنائی گئی، توشہ خانہ ٹو کیس توشہ خانہ کے پہلے کیس جیسا ہے۔

علیمہ خان نے کہا کہ القادر یونیورسٹی کیس میں چھ تاریخ کو سزا سنائی جانی ہے، القادر اور توشہ خانہ ٹو کیس عدالتوں میں ختم ہوجائیں گے۔

علیمہ خان نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے عدلیہ کا مذاق بنایا گیا ہے، بانی نے کہا ہے کہ کسی کہنے پر ڈیل نہیں کروں گا میں ہر کیس لڑوں گا۔

علیمہ خان نے عمران خان کے حوالے سے کہا کہ جن لوگوں نے پارٹی چھوڑی ان کے کیسز معاف کردیئے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی نے کہا نو مئی کی سازش پہلے سے کی گئی تھی، بانی نے پھر 9 مئی پر جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ کیا ہے۔

علیمہ خان نے کہا کہ 26 نومبر کے لاتعداد لوگ مسنگ ہیں، بانی نے کہا لال مسجد آپریشن کی طرح لاشیں دفنائی گئی ہیں۔

Read Comments