Aaj Logo

شائع 29 دسمبر 2024 11:58am

اسلام آباد: 17 سال سے ریڈ بک میں شامل انتہائی مطلوب انسانی اسمگلر

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے امیگریشن سرکل نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے 17 سال سے ریڈ بک میں شامل انتہائی مطلوب انسانی اسمگلر کو گرفتار کرلیا۔

ملزم کی شناخت امجد علی کے نام سے ہوئی جس کا تعلق گوجر خان سے ہے، ملزم کے خلاف 2007 میں اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل راولپنڈی میں مقدمہ درج ہوا تھا۔

ملزم کا نام ریڈ بک کے انتہائی مطلوب انسانی اسمگلروں میں شامل تھا، ملزم ویزا فراڈ کر کے بیرون ملک فرار ہو گیا تھا۔

ملزم کا نام اسٹاپ لسٹ میں شامل تھا جس کی بنیاد پر ملزم کو گرفتار کیا گیا، ملزم کو بعد ازاں اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل راولپنڈی منتقل کر دیا گیا جہاں اس سے مزید تفتیش جاری ہے۔

دوسری جانب سمندر کے راستے شہریوں کو غیر قانونی یورپ بھجوانے والے ایک انسانی سمگلر کو فیصل آباد سے گرفتار کیا گیا۔

ایف آئی اے ترجمان کے مطابق بدنام زمانہ انسانی سمگلر غلام دستگیر کو گرفتار کر لیا گیا ہے، اس سے قبل عبدالرحمان نامی ایجنٹ کو بھی گرفتار کیا گیا تھا، ملزم عبدالرحمان کی نشاندہی پر غلام دستگیر نامی انسانی سمگلر کو گرفتار کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق ملزمان شہریوں کو سمندر کے راستے لیبیا سے یورپ بھجوانے میں ملوث ہیں، ملزمان کو فیصل آباد کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا، ملزمان انسانی سمگلنگ میں ملوث بین الاقوامی گینگ کا حصہ ہیں۔

ایف آئی اے ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان نے سات متاثرہ شہریوں کو یورپ بھجوانے کے نام کروڑوں روپے ہتھیائے، ملزمان نے متاثرہ شہریوں سے مجموعی طور پر 2 کروڑ 73 لاکھ روپے ہتھیائے۔

ملزمان نے متاثرہ شہریوں کو پہلے عمرہ کے ویزے پر سعودی عرب بھجوایا، بعد ازاں شہریوں کو سعودی عرب سے لیبیا بھجوایا، ملزمان متاثرہ شہریوں کو کشتی کے ذریعے لیبیا سے اٹلی اور یونان بھجوانے میں ملوث ہیں

ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان کے موبائل فون سے اہم شواہد برآمد کر لئے گئے ہیں، ان کے موبائل فون سے متاثرین اور ایجنٹوں سے رابطے کے شواہد برآمد کئے گئے، ملزمان کے قبضے سے رقوم کی ادائیگی سے متعلق ریکارڈ بھی برآمد کیا گیا۔

ایف آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ڈائریکٹر فیصل آباد زون کا کہنا ہے کہ یونان کشتی حادثے میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاون جاری ہے، ملزمان کی گرفتاری کے لئے خصوصی چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، ملزمان کی گرفتاری کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔

ڈائریکٹر فیصل آباد زون نے کہا کہ کسی شخص کو بھی معصوم لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں، ٹھوس شواہد کی روشنی میں ملزمان کو قرار واقعی سزائیں دلوائیں گے۔

Read Comments