تاندلیانوالہ میں تھانہ سٹی کے قریب شدید دھند کے باعث خطرناک ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے، ٹریفک حادثہ کے نتیجہ میں کار سوار فیملی کے چھ افراد جاں بحق اور تین زخمی ہو گئے۔
حادثے کا شکار کار لاہور سے بذریعہ موٹروے تاندلیانوالہ آرہی تھی کہ چک 393 گ ب کے قریب دھند کے باعث گنے سے لدی ٹریکٹر ٹرالی میں پیچھے سے جا گھسی۔
حادثے میں کار سوار فیملی کے چھ افراد موقع پر جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہوگئے۔
جاں بحق افراد میں تین خواتین اور تین کمسن بچے شامل ہیں، جن کی شناخت 36 سالہ رابعہ ظہیر، 13 سالہ فجر، 11 سالہ امیمہ، چھ سالہ یحییٰ،ایک سالہ موسیٰ اورایک سالہ رئیس کے نام سے ہوئی ہے۔
جبکہ زخمیوں میں 40 سالہ شہباز، 35 سالہ صباء شہباز اور 13 سالہ امیر ہادی شامل ہیں۔
کار سپیڈ تیز ہونے سے مکمل تباہ ہو گئی۔
ریسکیو ٹیمیں، ایس پی صدر ڈویژن فیصل آباد غلام عباس، ڈی ایس سرکل تاندلیانوالہ آصف گیلانی اور ایس ایچ او سٹی موقع پر پہنچ گئے۔
ریسکیو 1122 نے زخمی افراد کو ٹی ایچ کیو ہسپتال سمندری منتقل کر دیا۔
جبکہ ٹریکٹر ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔
پولیس نے ٹریکٹر ٹرالی کو تحویل میں لیتے ہوئے مزید کارروائی کا آغاز کر دیا۔
خیال رہے کہ دھند کے باعث موٹر وے ایم ون کو پشاور سے رشکئی تک ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا ہے۔
ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق موٹر وے ایم ون کو پشاور ٹول پلازہ سے رشکئی انٹر چینج تک ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کیا گیا ہے۔
موٹر وے پر حد نگاہ 30 میٹر رہ گئی ہے، ٹریفک کو جی ٹی روڈ پر موڑ دیا گیا ہے۔
موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ شہری صبح اور رات کے اوقات میں بلا ضرورت سفر کرنے سے گریز کریں۔
شہریوں کو موٹر وے پولیس کی جانب سے فوگ لائٹس کا استمعال اور تیز رفتاری سے اجتناب کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔