وزیر دفاع خواجہ آصف کے ٹویٹ پر پی ٹی آئی ترجمان شیخ وقاص نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دعویٰ کرتے نہیں تھکتے کہ بانی پی ٹی آئی فوج کا پروجیکٹ تھا، کیا بانی پی ٹی آئی کے دور میں ادارے معلومات ”اسرائیلی اثاثے“ سے شئیر کرتے رہے؟
گزشتہ روز سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے ٹویٹ میں مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے کہا کہ آپریشن گولڈ سمتھ کے ریکروٹ جہاں بھی موجود ہیں وہ عمران خان کو نجات دلانے کے لیے پاکستان کے مفادات کے خلاف بھر پور مہم چلا رہے ہیں، ان عناصر کو اسرائیل کی بھر پور حمایت حاصل ہے اور وہ میڈیا میں تواتر کے ساتھ گفتگو کر رہے ہیں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ عمران خان ایک اسرائیلی اثاثہ ہیں جس کے ذریعے وہ واحد مسلمان ایٹمی قوت کو خدا نخواستہ سر نگوں کرنا چاہتے ہیں۔
شیخ وقاص اکرم نے خواجہ آصف کے اس بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایسی باتیں کرکے قومی سلامتی کے پورے نظام کو داغدار کر رہے ہیں، خواجہ آصف جیسے لوگ امریکہ میں بیٹھ کر بانی پی ٹی آئی کی اسلام پسندی پر حملے کرتے ہیں، بانی پی ٹی آئی کو طالبان خان کا نام دیتے ہیں اورخودکو لبرل پیش کرتے ہیں۔
وقاص اکرم نے کہا کہ نواز شریف نے مظلوم کشمیریوں کے قاتل مودی سے محبت کی پینگیں بڑھائیں، نواز شریف نے ”را“ کے ایجنٹوں کو اپنی فیکٹری میں نوکریاں دیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی اسرائیل و امریکہ کا اثاثہ ہوتا تو تحریک عدم اعتماد کامیاب نہ ہوتی، بانی پی ٹی آئی اگرامریکہ یا اسرائیل کا اثاثہ ہوتا توآج ڈیڑھ سال سے قید تنہائی میں نہ ہوتا، ایسے الزامات لگا کر دنیا سے اپنے بدنما چہروں کو چھپانا چاہتے ہیں۔