مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے ضلع کرم میں 100 بچوں کی اموات کی خبر کی تردید کردی۔
واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں حالات خراب ہونے کے باعث وہاں ادویات کی قلت سے 100 بچوں کی اموات کی خبریں زیر گردش تھیں۔
اس تناظر میں صوبائی مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے ضلع کرم میں ادویات کی قلت سے 100 بچوں کی اموات کی خبر کی تردید کرتے ہوئے اسے بے بنیاد اور من گھڑت قرار دے دیا۔
خیبرپختونخوا کابینہ کا کُرم راستے کی بحالی کیلئے خصوصی فورس کے قیام کا فیصلہ
خیبرپختونخوا کابینہ کی ضلع کرم کو آفت زدہ قرار دینے اور ریلیف ایمرجنسی کی منظوری
بیرسٹرسیف نے کہا کہ تمام ضروری ادویات روزانہ کی بنیاد پر ضلع کرم پہنچائی جا رہی ہیں، چند شرپسند عناصر عوام کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت عوام کے تحفظ اور دائمی امن کے قیام کو اولین ترجیح دیتی ہے، عوام سے اپیل ہے کہ ایسی من گھڑت اور بے بنیاد خبروں پر یقین نہ کریں۔
مشیر اطلاعات نے کہا کہ ضلع کرم میں تمام بنیادی ضروریات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جا رہا ہے۔