Aaj Logo

شائع 25 دسمبر 2024 07:35pm

کون سا اسٹیڈیم چیمپئینز ٹرافی کے سب سے زیادہ میچز کی میزبانی کرے گا؟

پاکستان 28 سال بعد آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کرنے جارہا ہے، اس سلسلسے میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے چیمپئنز ٹرافی کے باقاعدہ شیڈول کا اعلان کردیا۔

گزشتہ روز انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے آج 8 ٹیموں پر مشتمل آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا، جس کی میزبانی پاکستان 19 فروری سے 9 مارچ تک کرے گا۔

یہ میچز پاکستان کے 3 مقامات راولپنڈی، کراچی اور لاہور میں کھیلے جائیں گے جبکہ کم از کم 4 میچز کی میزبانی دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کرے گا۔

کراچی کا نیشنل بینک اسٹیڈیم اور راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم 3، 3 گروپ میچوں کی میزبانی کریں گے جبکہ لاہور کا قذافی اسٹیڈیم کم از کم 4 میچوں کی میزبانی کرے گا، تمام میچ مقامی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے شروع ہوں گے۔

ٹورنامنٹ کا آغاز بدھ 19 فروری کو نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں دفاعی چیمپئن پاکستان اور نیوزی لینڈ کے گروپ اے کے میچ سے ہوگا۔

پاکستان کا دوسرا گروپ میچ اتوار 23 فروری کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں بھارت کے خلاف ہوگا۔ میزبان ٹیم اپنا تیسرا اور آخری گروپ میچ جمعرات 27 فروری کو بنگلہ دیش کے خلاف راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے گی۔

گروپ بی میں افغانستان، آسٹریلیا، انگلینڈ اور جنوبی افریقا کو رکھا گیا ہے۔

چیمپئینز ٹرافی: جیتنے والی ٹیم کو کتنی انعامی رقم ملنے کی توقع ہے؟

ہر گروپ کی سرفہرست 2 ٹیمیں سیمی فائنل کھیلیں گی، پہلا سیمی فائنل منگل 4 مارچ کو دبئی میں شیڈول ہے۔ دوسرا سیمی فائنل 5 مارچ کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ دونوں سیمی فائنلز کو بھی ریزرو ڈے الاٹ کیے گئے ہیں۔

ایونٹ کا فائنل اتوار 9 مارچ کو شیڈول ہے جس کا مقام لاہور کا قذافی اسٹیڈیم یا دبئی کا دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم ہے جس کی تصدیق میچ کے قریب آنے پر ہوگی۔ 10 مارچ فائنل کے لیے ریزرو ڈے ہوگا۔

پس منظر

یہ بات قابل ذکر ہے کہ آئی سی سی کو چیمپینز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان قانونی طور پر 21 نومبر سے پہلے کرنا تھا، 20 نومبر کو یہ خبر سامنے آئی تھی کہ آئی سی سی کے لیے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے حوالے سے پاک بھارت تنازع درد سر بن گیا اور آئی سی سی کا ہنگامی اجلاس بلائے جانے کا امکان ہے۔

آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ 1996 اور 2008 کے ایشیا کپ کے بعد پاکستان کو ایک عرصے بعد پہلی بار چیمپئنز ٹرافی 2025 کی صورت میں آئی سی سی کے کسی بڑے ایونٹ کی میزبانی ملی ہے، جس کے تمام میچز اگلے سال 19 فروری سے 19 مارچ تک پاکستان کے تین بڑے شہروں کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔

تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ ( بی سی سی آئی) اپنی حکومت کی جانب سے دورہ پاکستان کی اجازت نہ ملنے پر پاکستان آمد سے انکار کرتے ہوئے اپنے میچز نیوٹرل وینیو پر منتقل کرنے کی تجویز پیش کرچکا ہے تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نیوٹرل وینیو پر کھیلنے سے انکاری اور بھارت کے بغیر ٹورنامنٹ کرانے پر مُصر ہے۔

بھارت نے ایشیا کپ 2008 کے بعد سے پاکستان میں کوئی میچ نہیں کھیلا، جبکہ 13-2012 میں پاکستان کے دورہ بھارت کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان کوئی دو طرفہ سیریز بھی نہیں کھیلی گئی ہے۔

پاکستان نے کرکٹ کے میدان میں بھارت کو دھول چٹا دی

گزشتہ سال بھی ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کو ملی تھی لیکن بھارت نے پاکستان آنے سے صاف انکار کردیا تھا جس کے بعد ہائبرڈ ماڈل کے تحت بھارت کے تمام میچز سری لنکا میں شیڈول کیے گئے تھے، جہاں کولمبو میں کھیلے گئے فائنل میں بھارت نے آسانی سے سری لنکا کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا تھا۔

پاکستان اس چیمپئنز ٹرافی میں دفاعی چیمپئن کے طور پر شریک ہوگا، آخری بار چیمپئنز ٹرافی 2017 میں ہوئی تھی جو پاکستان نے سرفراز احمد کی قیادت میں جیتی تھی۔

Read Comments