آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کرسمس کے موقع پر راولپنڈی کے سینٹ جوزف کیتھولک کیتھیڈرل چرچ کا دورہ کیا اور اقلیت کو قومی فخر اور قوت کا ذریعہ قرار دیا جبکہ پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ مسیحی برادری قوم کے لیے فخر اور طاقت کا باعث ہیں، کرسمس ہمدردی، سخاوت اور خیرسگالی کا اظہار ہے، قائد اعظم کی دور اندیش قیادت اور غیرمتزلزل عزم نے قیام پاکستان کی راہ ہموار کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے سینٹ جوزف کیتھولک کیتھیڈرل چرچ راولپنڈی میں کرسمس تقریب میں شرکت کی، جہاں مسیحی برادری نے چرچ آمد پر ان کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ملک بھر میں مسیحی برادری کو کرسمس کی دلی مبارک باد دی اور مسیحی برادری سے یکجہتی کا اظہار کیا۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کرسمس کے موقع پر ہمدردی اور سخاوت کی آفاقی قدروں کی گہری یاد دہانی کے طور پر کام کرنے پر زور دیا۔
عسکری قیادت، صدر مملکلت اور وزیراعظم کے قائداعظم کے یومِ پیدائش اور کرسمس پر خصوصی پیغامات
حضرت عیسیٰ کی جائے پیدائش پر آج قتل و غارت کا بازار گرم ہے، وزیراعظم
پاک فوج کے سپہ سالار نے ملکی، ثقافتی، سماجی، اقتصادی، قومی ترقی میں اقلیتوں اور مسیحی برادری کی شراکت کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ مسیحی برادری قوم کے لیے فخر اور طاقت کا باعث ہیں، کرسمس ہمدردی، سخاوت اور خیرسگالی کا اظہار ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آرمی چیف نے قائداعظم محمد علی جناح کو بھی زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔
جنرل عاصم منیر نے کہا کہ قائداعظم کے آزادی، مساوات، مذہبی رواداری کے نظریات چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قوم کی رہنمائی کرتے ہیں، قائداعظم کے نظریات علاقائی سالمیت کے تحفظ سے لے کر اندرونی استحکام کو فروغ دینے کے لیے حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔
پاراچنار میں قبائلی جھڑپیں: کرسمس کی خوشیوں پر پانی پھر گیا، عیسائی برادری
انہوں نے مزید کہا کہ قائد کی دور اندیش قیادت، غیرمتزلزل عزم نے پاکستان کی تعمیر کی راہ ہموارکی، ایمان، اتحاد اور نظم وضبط کے اصولوں پر ثابت قدمی نے قوم کی تعمیر کا خاکہ بھی فراہم کیا، پاکستان کو قائدکے تصورکردہ پرامن، خوشحال ملک میں تبدیل کرنے کے اپنے اجتماعی عزم کا اعادہ کریں اور تمام شہری اس کے لیے انتھک محنت کریں۔