سکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے ضلع سراروغہ میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جس کے نتیجے میں 13 خوارج ہلاک کئے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 24 اور 25 دسمبر 2024 کو کئے گئے آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 13 خوارج مارے گئے۔
مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج کا ٹرک کھائی میں جاگرا، 5 اہلکار ہلاک، 9 زخمی
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے خوارج سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں کے ساتھ ساتھ بے گناہ شہریوں کے قتل میں بھی سرگرم رہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں پائے جانے والے دیگر خوارج کو ختم کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے، کیونکہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
بہادر سیکیورٹی فورسز پر قوم کو ناز ہے، محسن نقوی
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ 13 خوارجی دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، بہادر سیکیورٹی فورسز پر قوم کو ناز ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بہادر سیکیورٹی فورسز نے بروقت آپریشن کرکے خوارجی دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا۔
محسن نقوی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے خوارجی دہشت گردوں کے خلاف نمایاں کامیابیاں سمیٹی ہیں، پاکستان کے عوام سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کی کامیابیوں کو قوم تحسین کی نگاہ سے دیکھتی ہے، عوام کی حمایت سے خوارجی دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ کریں گے۔