Aaj Logo

شائع 24 دسمبر 2024 08:25pm

اسلام آباد ایئرپورٹ پر جدید ٹیکنالوجی سے مسافروں کی رہنمائی آسان ہوگئی

اسلام آباد ایئرپورٹ پر مسافروں کے لئے جدید ٹیکنالوجی کی سہولت متعارف کرا دی گئی۔

پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی (پی اے اے) نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر کیو آر کوڈ ٹیکنالوجی کی سہولت متعارف کرادی، جدید ٹیکنالوجی سے مسافروں کی رہنمائی میں مدد ملے گی۔

ترجمان کے مطابق متعارت کرائی گئی نئی ٹیکنالوجی سے مسافر اپنے اسمارٹ فونز کے ذریعے کیو آر کوڈ اسکین کرکے ایئرپورٹ کے مختلف حصوں کے بارے میں معلومات حاصل کر سکیں گے۔

ایئرپورٹ اتھارٹی کے مطابق کیو آر کوڈ کے ذریعے مسافر ڈومیسٹک ڈیپارچر ایریا کا انٹرایکٹو نقشہ دیکھ سکیں گے، انہیں ایئرپورٹ کے مختلف حصوں تک رسائی میں آسانی ہوگی۔

ترجمان پی اے اے نے بتایا کہ خصوصی افراد کے لیے بھی نئی سہولت خاص طور پر معاون ثابت ہوگی، وہ ایئرپورٹ کے مخصوص راستوں اور سہولیات تک رہنمائی حاصل کر سکیں گے۔

ایپلی کیشن مسافروں کو ایئرپورٹ کی مختلف اہم سہولتوں تک باآسانی پہنچنے میں مدد دے گی، مسافر جنرل اور سی آئی پی لاؤنجز، نماز، واش رومز اور کھانے پینے کی جگہوں تک با آسانی پہنچ سکیں گے۔

واضح رہے کہ حال ہی میں اسلام آباد کے ائیرپورٹ نے شکایت اندراج کے لئے بھی کیوآرکوڈ کی سہولت متعارف کرائی گئی تھی۔

ترجمان کے مطابق پی اے اے کی جانب سے یہ اقدام ایئرپورٹ پر مسافروں کے تجربے کو مزید بہتر بنانے کی کوشش ہے۔

Read Comments