پاکستان اور جنوبی افریقا کے مابین تیسرا ون ڈے 2 منفرد واقعات کی وجہ سے یادگار بن گیا، جہاں تیسرے ون ڈے کے دوران اسٹیڈیم میں موجود خاتون نے بچے کو جنم دیا۔
پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان تین ایک روزہ میچز کی سیریز کا آخری میچ اتوار کو کھیلا گیا جہاں اسٹیڈیم میں 2 غیر معمولی واقعات نے مداحوں کا دل موہ لیا۔
جوہانسبرگ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے میزبان ٹیم کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 36 رنز سے شکست دی۔
یہ میچ جنوبی افریقا کا سالانہ پنک ڈے میچ تھا، اس دن افریقی ٹیم گلابی رنگ کی جرسی (کٹ) میں کھیلتی ہے اور اس دن کو چھاتی کے سرطان کی آگاہی کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔
جنوبی افریقی سرزمین پر شاہینوں نے پروٹیز کو کلین سوئپ کرکے تاریخ رقم کردی
عبداللہ شفیق پھر صفر پر آؤٹ، 2 بدترین ریکارڈ اپنے نام کرلیے
وینڈیررز اسٹیڈیم میں کھیلا گیا یہ میچ صرف میچ نہیں بلکہ زندگی، محبت اور کرکٹ کا جشن بن گیا کیونکہ دنیا بھر کے لوگوں نے اس اسٹیڈیم میں 2 غیر معمولی واقعات دیکھے۔
اسٹیڈیم میں ایک تماشائی خاتون نے بچے کو جنم دیا، میچ دیکھنے والے جوڑے کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی جس کا اعلان اسکور بورڈ پر کیا گیا۔
اسکور بورڈ پر لکھا تھا ’مسٹر اینڈ مسز رابینگ کو صحت مند بچے کی پیدائش پر مبارک ہو‘۔
دوسری جانب ایک تماشائی نے اسٹیڈیم میں ہی ایک لڑکی کو شادی کی پیشکش کی جسے اس نے قبول کرلیا۔
دونوں کی تصویریں سوشل میڈیا کی زینت بنی ہوئی ہیں جبکہ صارفین دنیا بھر سے جوڑے اور دنیا میں آنے والے بچے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کررہے ہیں۔