برصغیر کے لیجنڈری اور فلمی گھرانے سے تعلق رکھنے والے اداکار راج کپور کانام اسوقت کی کئی ہیروئنوں کے ساتھ لیا جاتا رہا ہے لیکن فلمسٹار نرگس کے ساتھ ان کا افیئر سب سے زیادہ نمایاں رہا تھا۔
بھارتی میڈیارپورٹس کے مطابق یہ افیئر تقریبا سات سال تک رہا حالانکہ راج کپور پہلے سے شادی شدہ تھے۔ کہا جاتا ہے کہ راج کپور اور نرگس کے عشق کی یہ داستان فلم “شری 420 “ کے سیٹ پر ہوئی تھی۔ اسوقت نرگس کی عمر صرف سولہ برس تھی۔
دونوں ایک دوسرے سے بے انتہا پیار کرتے تھے اور محبت کا یہ سلسلہ سات سال تک چلتا رہا۔ لیکن جدائی کا سبب راج کپور کی پہلی اہلیہ کرشنا بنیں کیونکہ راج کپور ان کو طلاق دینے کے لیے تیار نہیں تھے اسی وجہ سے نرگس نے راج کپور کو چھوڑ کرسنیل دت کا انتخاب کیا اور ان سے شادی کر لی۔
نرگس اور سنیل دت نے مارچ 1958 میں شادی کی خبر راج کپور پربجلی بن کی گری۔ نرگس کی شادی راج کپور سے برداشت نہیں ہو پائی اور انہوں نے خود کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔
معروف بھارتی مصنفہ مدھو جین کی کتاب ’کپور دا فرسٹ فلم فیملی اف انڈین سینما‘ میں اس حوالے سے لکھا گیا کہ ’راج کپور کو نرگس اور سنیل دت کی شادی کی خبر ملی تو ان کو ایسا لگا کہ انہیں نرگس نے دھوکہ دے دیا‘۔ کتاب میں یہ بھی درج ہے کہ ’شدید صدمے میں انہوں نے خود کو سگریٹ سے جلایا اور بے تحاشہ شراب پی‘۔
اس کتاب میں یہ بھی لکھا گیا کہ ’راج کپور کی اہلیہ کرشنا راج کپور بھی کھل کر نرگس اور اپنے شوہر کے افیئر کے بارے میں بات کرتی تھیں۔
انہوں نے مصنف ’بنی روبنس‘ کے ساتھ گفتگو میں بتایا کہ ’نرگس اور سنی دت کی شادی کے بعد کچھ عرصے تک راج کپور رات میں نشے کی حالت میں آتے تھے اور باتھ ٹب میں روتے ہوئے گر بھی جاتے تھے یہ ان کے لیے ایک بہت دردناک وقت تھا کیونکہ وہ اپنے شوہر کو کسی دوسری عورت کے لیے روتا ہوا دیکھتی تھیں‘۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نرگس نے راج کپور سے بےوفائی نہیں کی تھی بلکہ انہوں نے راج کپور سے شادی کرنے کی بے انتہا کوشش کی وہ اس وقت کے انڈیا کے ہوم منسٹرمرارجی دسائی کے پاس بھی گئیں تاکہ راج کپور سے شادی کرنے کا کوئی قانونی طریقہ نکل سکے جو کہ ایک شادی شدہ شخص ہونے کے ساتھ ساتھ ہندو بھی تھے لیکن یہ اس وجہ سے ممکن نہیں ہوا کیونکہ راج کپور، کرشنا کو طلاق دینے کے لیے راضی نہ ہوئے۔
کہاجاتا ہے کہ دونوں کی محبت کے درمیان نرگس کے بھائی دیوار بن کر کھڑے ہو گئے تھے جبکہ ایک دعوی یہ بھی ہے کہ راج کپور کبھی بھی نرگس سے شادی کا ارادہ نہیں رکھتے تھے لیکن انہوں نے ہمیشہ نرگس کو اندھیرے میں رکھا اور شادی کا لالچ دیتے رہے۔
نرگس اور راج کپور کے عشق کی داستان آج بھی لوگوں کے دلوں میں زندہ ہے۔