Aaj Logo

اپ ڈیٹ 23 دسمبر 2024 07:20pm

ملٹری کورٹ سے 9 مئی مقدمات میں سزا پانے والے مزید 11 ملزمان سینٹرل جیل لاہور منتقل

سانحہ 9 مئی میں ملوث ملٹری کورٹ سے سزا پانے والے مجرموں کی جیل منتقلی کا عمل جاری ہے، ملٹری کورٹ کی جانب سے 9 مئی مقدمات میں سزا پانے والے 11 ملزمان کو سینٹرل جیل لاہور منتقل کر دیا گیا ہے۔

قبل ازیں، 25 میں سے 12 مجرموں کو کوٹ لکھپت جیل لاہور منتقل کیا گیا تھا، اور اب مزید 11 کو لاہور سینٹرل جیل منتقل کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ فیلڈ جنرل کورٹ مارشل نے سانحہ 9 مئی میں ملوث 25 مجرموں کو سزائیں سنائی تھیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ جنرل کورٹ مارشل نے پہلے مرحلے میں 25 ملزمان کو سزائیں سنائی ہیں، یہ سزائیں تمام شواہد کی جانچ پڑتال اور مناسب قانونی کارروائی کی تکمیل کے بعد سنائی گئی ہیں، سزا پانے والے ملزمان کو قانونی تقاضے پورے کرنے کے لئے تمام قانونی حقوق فراہم کئے گئے۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ نفرت اور جھوٹ پر مبنی ایک پہلے سے چلائے گئے سیاسی بیانیے کی بنیاد پر مسلح افواج کی تنصیبات بشمول شہداء کی یادگاروں پرمنظم حملے کئے گئے اور اُن کی بے حرمتی کی گئی، یہ پُرتشدد واقعات پوری قوم کے لئے ایک شدید صدمہ ہیں۔

اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ 9 مئی کے واقعات واضح طور پر زور دیتے ہیں کہ کسی کو بھی سیاسی دہشتگردی کے ذریعے اپنی مرضی دوسروں پر مسلط کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، اس یوم سیاہ کے بعد تمام شواہد اور واقعات کی باریک بینی سے تفتیش کی گئی اور ملوث ملزمان کے خلاف ناقابلِ تردید شواہد اکٹھے کئے گئے۔

Read Comments