لاہور کے علاقے ہربنس پورہ میں واقع شالیمار ہاؤس اسکیم میں ایک ڈیرے سے شیر باہر نکل آیا، اسکیم کے گارڈز نے شیر کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔
ڈیرے سے باہر نکلنے والا شیر دھاڑیں مارتا ہوا بھاگتا رہا جس سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، خوف کے مارے لوگوں نے 15 ایمرجنسی پولیس کو اطلاع بھی کی۔
شالیمار اسکیم میں علی عدنان نامی شہری نے اپنے ڈیرے پر شیر کو رکھا ہوا تھا، اس سے پہلے کہ شیر کسی پر حملہ آور ہوتا اسکیم کے گارڈز نے صورت حال مدنظر رکھتے ہوئے مزید وقت ضائع کئے بغیر شیر کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔
جس کے بعد وائلڈ لائف اور پولیس موقع پر پہنچ گئی۔
پولیس نے شیر کو گولیاں مار کر ہلاک کرنے والے سیکیورٹی گارڈ گرفتار کرکے اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
پولیس کے مطابق سیکورٹی گارڈ شہباز کے خلاف مقدمہ محکمہ وائلڈ لائف کے انسپکٹر کی مدعیت میں درج کیا گیا، پولیس نے مقدمہ درج کرکے سیکیورٹی گارڈ شہباز کو حراست میں لے لیا، ملزم کو قانونی کارروائی کے لئے انوسٹی گیشن کے حوالے کر دیا گیا۔