Aaj Logo

شائع 21 دسمبر 2024 08:31pm

یوکرین کا روس میں 9/11 طرز کا حملہ

یوکرین کے ڈرونز نے روس میں بلند و بالا عمارتوں کو 2001 میں امریکی شہر نیویارک میں ہوئے ورلڈ ٹریڈ سینٹر کے ٹوئن ٹاورز پر حملے کی طرز پر نشانہ بنایا ہے۔

ماسکو سے تقریباً 500 میل (800 کلومیٹر) مشرق میں واقع شہر کازان میں ڈرونز کو دو فلک بوس عمارتوں میں بالکل اسی طرح گھستے ہوئے دیکھا گیا جیسا کہ 9 ستمبر 2001 میں ٹوئن ٹاورز ہوائی جہاز جا گھسے تھے۔

ان بلند و بالا عمارتوں ہو رہائشی کمپلیکس بتایا جارہا ہے، جن سے ڈرونز ٹکرانے کے بعد آگ کی لپٹیں اٹھنے لگیں اور سیاہ دھوئیں کے بادل چھا گئے۔

اطلاعات کے مطابق عمارت کے تمام مکینوں کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

روسی میڈیا کے مطابق حملے کے بعد الرٹ جاری کر دیا گیا اور شہر کے ہوائی اڈے نے پروازوں کی آمد اور روانگی کو عارضی طور پر روک دیا۔

تاتارستان جمہوریہ کے دارالحکومت کازان کی آبادی 1.3 ملین سے زیادہ ہے۔

تاتارستان جمہوریہ کے رہنما رستم منیخانوف نے ٹیلی گرام پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ’آج کازان کو بڑے پیمانے پر ڈرون حملے کا سامنا کرنا پڑا۔ پہلے صنعتی اداروں پر حملہ کیا گیا تھا، اب دشمن صبح سویرے شہریوں پر حملہ کر رہا ہے‘۔

یوکرین نے ابھی تک ان حملوں پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

روس کی وزارت دفاع نے بتایا کہ شہر پر صبح 7 بج کر 40 منٹ سے 9 بج کر 20 منٹ کے درمیان ڈرون کی تین لہروں سے حملہ کیا گیا۔ جن میں سے چھ ڈرون کو بے اثر یا تباہ کر دیا گیا ہے لیکن یہ نہیں بتایا گیا کہ حملے میں کتنے ڈرونز شامل تھے۔

حکام نے بتایا کہ تاتارستان میں تمام اہم عوامی تقریبات کو احتیاط کے طور پر منسوخ کر دیا گیا ہے۔

Read Comments