چین میں بیٹے کو گھر پر پڑھاتے وقت ڈانٹ ڈپٹ کرنے سے باپ کو دل کا دورہ پڑگیا۔
چینی صوبے زی جیانگ سے تعلق رکھنے والے 40 سالہ شخص ژانگ کو اپنے بیٹے کو سینئر سیکنڈری اسکول کے داخلے کے امتحان کی تیاری میں مدد کرتے ہوئے سانس لینے میں دشواری اور سینے میں درد کا سامنا کرنا پڑا۔ ژانگ کو فوری اسپتال لے جایا گیا، جہاں اسے دل کے دورے کی تشخیص ہوئی۔
اسپتال میں ڈاکٹر اس کی ایمرجنسی بائی پاس سرجری کرکے چینی ژانگ کی جان بچانے میں کامیاب ہو گئے۔ طبی ماہرین نے دل کے دورے کی وجہ شدید ذہنی تناؤکا بتایا۔
چینی میڈیا کے مطابق ژانگ اور اس کا بیٹا امتحانات کی تیاری کر رہے تھے، دونوں ہر رات پریکٹس کرتے تھے، اس دوران ژانگ بیٹے کو پڑھاتے ہوئے اس قدر طیش میں آیا کہ اسے دل کے دورے کا سامنا کرنا پڑا۔
ژانگ کے معاملے نے ایک بار پھر چینی نوجوانوں اور والدین کو درپیش شدید تعلیمی دباؤ سے متعلق نئی بحث چھڑ گئی ہے، والدین بچوں کی تعلیم کے حوالے سے ذہنی دباؤ کا شکار ہوکر شدید جسمانی مسائل کا شکار ہورہے ہیں۔
رواں برس بچوں کے ہوم ورک، خاص طور پر ریاضی میں مدد کرتے ہوئے چینی والدین کے دل کے دورے اور فالج کا شکار ہونے میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔