Aaj Logo

شائع 20 دسمبر 2024 12:35pm

محسن نقوی کی علی امین گنڈا پور کو قیام امن کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی

وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سے ملاقات کرکے کرم میں قیام امن کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی پشاور میں وزیراعلیٰ آفس آمد پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے ان کا خیر مقدم کیا۔

اس موقع پر وزیرداخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال اور کرم میں قیام امن کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو قیام امن کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ خیبرپختونخوا میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بڑھانے میں پورا تعاون کریں گے، کرم میں قیام امن اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے کرم میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

محسن نقوی اور علی امین گنڈاپور نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدا ہمارے لیے سرمایہ افتخار ہیں، شہداء کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ شہدا کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، مل کر دہشت گردی کے عفریت کا مقابلہ کریں گے۔

Read Comments