Aaj Logo

اپ ڈیٹ 20 دسمبر 2024 10:15am

ملک کے مختلف شہروں میں سردی برقرار، برفباری سے موسم مزید سرد، پارہ منفی 11 تک گرگیا

ملک کے مختلف شہروں میں سردی کی شدت برقرار ہے، پہاڑوں پر برفباری سے موسم مزید سرد ہوگیا جبکہ شدید سردی اور برفباری سے پارہ منفی 11 تک گر گیا۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں درجہ حرارت منفی ایک ڈگری ریکارڈ کیا گیا جبکہ لہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 11 ریکارڈ کیا گیا، اسی طرح اسکردو میں درجہ حرارت منفی 9، زیارت میں منفی 8، کوئٹہ، گلگت بلتستان میں منفی 7، استور اور دالبندین میں منفی 6 تک گر گیا۔

پنجاب اورخیبرپختونخوا میں شدید دھند، مختلف مقامات پر موٹرویز بند

ادھر ملک کے مختلف شہروں میں دھند کا راج بھی برقرار ہے جس کے باعث پنجاب اور خیبرپختونخوا کے کچھ علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں آگئے، دھند کی وجہ سے مختلف مقامات پر موٹرویز کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق پنجاب میں مختلف مقامات پر شدید دُھند کے باعث موٹروے ایم 2 ٹھوکر نیازبیگ سے خانقاہ ڈوگراں تک ٹریفک کے لیے بند ہے۔

ملک بھر میں برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ، کراچی میں پارہ 10 ڈگری تک پہنچ گیا

ترجمان نے بتایا کہ موٹروے ایم 3 فیض پور سے رجانہ تک دھند کی وجہ سے بند ہے جبکہ لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم 11 ٹول پلازہ سے سمبڑیال تک ٹریفک کے لیے بند کردی گئی۔

خیبر پختونخوا کے شہر پشاور میں بھی دھند کا راج برقرار ہے، جس کے باعث موٹر وے ایم ون کو پشاور سے برھان انٹر چینج تک ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا جبکہ موٹر وے پر حد نگاہ 40 میٹر رہ گئی ہے۔

موٹر وے پولیس کے مطابق موٹر وے کو حفاظتی اقدامات کے پیش نظر بند کیا گیا ہے۔

موٹر وے پولیس نے شہریوں کو صبح اور رات کے اوقات میں غیر ضروری سفر کرنے اور دوران سفر فوگ لائٹس کے استعمال کرنے اور تیز رفتاری سے گریز کرنے کی ہدایات دی ہیں۔

پشاور میں فضائی آلودگی میں اضافہ، ائیر کوالٹی انڈیکس 263 ریکارڈ

دوسری جانب پشاور میں فضائی آلودگی میں اضافہ ہوگیا، جس کے باعث شہر میں مجموعی طور ائیر کوالٹی انڈیکس 263 ریکارڈ ہوا ہے۔

کراچی سمیت ملک کے بیشتر شہروں میں آج بھی سردی، پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی

محکمہ ماحولیات کے مطابق دالہ زاک روڈ پر ایئر کوالٹی انڈیکس 297، حیات آباد میں 322، جی ٹی روڈ پر 246، چارسدہ روڈ پر 300 اور ورسک روڈ پر 334 ریکارڈ ہوا ہے۔

Read Comments