وزیراعظم شہباز شریف اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے جنوبی افریقا کے خلاف دوسرا ون ڈے میچ اور سیریز جیتنے پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد پیش کردی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو جنوبی افریقا کے خلاف ون ڈے سیریز جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقامیں زبردست کم بیک کیا، کامیابی کھلاڑیوں کی محنت اور غلطیوں سے سیکھنے کی بدولت ممکن ہوئی۔
وزیرِ اعظم نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں، کوچز، چیئرمین پی سی بی اور متعلقہ حکام کی محنت کی پزیرائی کی اور کہا کہ امید ہے آئند میچز بالخصوص چیمپیئنز ٹرافی میں بھی ٹیم شاندار کھیل کا مظاہرہ کرے گی، ٹیم نے سیریز جیت کر شائقین کو بہترین تحفہ دیا۔
دوسری جانب چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بھی قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقا کو ہوم گراؤنڈ پر شکست دے کر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، اس جیت سے کھلاڑیوں کا مورال بلند ہو گا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں نے ٹیم ورک کا بہترین مظاہرہ کرکے سیریز اپنے نام کی، محمد رضوان، بابراعظم اور کامران غلام نے عمدہ بلے بازی کرکے جیت کی بنیاد رکھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ امید ہے کہ چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ میں بھی پاکستانی ٹیم ایسی شاندار کارکردگی دکھائے گی۔
یاد رہے کہ پاکستان نے 3 میچز کی ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں جنوبی افریقا کو 81 رنز سے شکست دیکر سیریز اپنے نام کرلی۔
جنوبی افریقا کی دعوت پر پاکستان ٹیم 49.5 اوورز میں 329 رنز بناکر آؤٹ ہوئی۔ پاکستان نے تین میچز کی سیریز میں جنوبی افریقا پر 0-2 کی برتری حاصل کرلی۔
پاکستان نے تیسری مرتبہ جنوبی افریقا میں ون ڈے سیریز جیتی، پاکستان اکیسویں صدی میں جنوبی افریقا میں تین مرتبہ ون ڈے سیریز جیتنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔