پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیئر رہنما ذلفی بخاری نے امریکا کی جانب سے پاکستان کے بیلسٹک میزائل پروگرام میں مدد فراہم کرنے والی 4 پاکستانی کمپنیوں پر پابندی عائد کرنے کی مخالفت کی ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ٹوئٹ کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی زلفی بخاری نے پاکستان پر عائد امریکی پابندیوں کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نیشنل ڈویلپمنٹ کمپلیکس اور 3 تجارتی اداروں پر امریکی پابندیوں کی شدید مخالفت کرتے ہیں۔
ذلفی بخاری نے کہا کہ پاکستان کی جغرافیائی پوزیشن کی وجہ سے یہ ضروری ہے کہ پاکستان اپنی قومی خود مختاری کے تحفظ کے لیے ہمیشہ مناسب اقدامات کرے، یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن اقتدار کے آخر میں بھی اپنے دوہرے معیار کو برقرار رکھے ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکا نے پاکستان کے بیلسٹک میزائل پروگرام میں مدد فراہم کرنے والی 4 کمپنیوں پر پابندی عائد کی ہے۔
ان کمپنیوں میں اسلام آباد میں قائم نیشنل ڈیولپمنٹ کمپلیکس (NDC)، اختراینڈ سنز پرائیویٹ لمیٹڈ، راک سائیڈ انٹرپرائز اور ایفیلئیٹس انٹرنیشنل شامل ہیں۔
دوسری جانب پاکستان نے امریکا کی جانب سے بیلسٹک میزائل پروگرام میں مدد دینے کے الزام میں چار اداروں پر پابندی کے اقدام کو متعصبانہ قرار دیا ہے۔
اپنے ردعمل میں دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ اداروں پر پابندیاں عائد کرنے کا متعصبانہ امریکی فیصلہ امتیازی طرز عمل، علاقائی اور عالمی سلامتی کے لیے خطرہ ہے، پابندیوں کا تازہ امریکی اقدام امن اور سلامتی کے مقصد سے انحراف کرتا ہے، پابندیوں کا مقصد فوجی عدم توازن کو بڑھانا ہے۔