Aaj Logo

شائع 19 دسمبر 2024 02:07pm

دفاعی تجزیہ کاروں کی ٹی وی پروگرامز میں شرکت کیلئے آئی ایس پی آر سے اجازت کا نوٹی فکیشن معطل

اسلام آباد ہائی کورٹ نے دفاعی تجزیہ کاروں کی ٹی وی پروگرامز میں شرکت آئی ایس پی آر کی اجازت سے مشروط کرنے کا پیمرا کا نوٹی فکیشن معطل کردیا۔

دفاعی تجزیہ کاروں کی ٹی وی پروگرامز میں شرکت آئی ایس پی آر کی اجازت سے مشروط کرنے کے نوٹی فکیشن کے خلاف سماعت ہوئی۔

نوٹی فکیشن کے مطابق صرف آرمڈ فورسز کے ریٹائرڈ افسران ہی ٹی وی پروگرامز میں شرکت کر سکتے تھے، پیمرا نے ریٹائرڈ افسران کی ٹی وی پروگرامز میں شرکت کو آئی ایس پی آر کی اجازت سے مشروط کیا تھا۔

جمعرات کو جسٹس بابر ستار نے پیمرا کے 2019ء کے نوٹی فکیشن کے خلاف کیس کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا جس میں کہا گیا ہے کہ پیمرا کی جانب سے وکیل عدالتی سماعت میں پیش نہیں ہوئے، معاون وکیل نے سینئر وکیل کی طبیعت ٹھیک نہ ہونے پر التواء کی استدعا کی، عدالتی سماعت میں دیے گئے دلائل کی بنیاد پر پیمرا کا نوٹی فکیشن معطل کیا جاتا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے اپنے حکم نامے میں مزید کہا کہ پیمرا کا نوٹی فکیشن اِس کیس پر فیصلے تک معطل رہے گا۔

بعدازاں اسلام آباد ہائی کورٹ میں کیس کی آئندہ سماعت 11 فروری تک ملتوی کردی گئی۔

Read Comments