ہندوستانی کرکٹ ٹیم کی ایڈیلیڈ میں آسٹریلیا کے خلاف پنک بال ٹیسٹ میں بڑی شکست کے بعد ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) تک پہنچنے کی امیدوں کو زبردست دھچکا لگا ہے۔ بیٹنگ شو اور بارش کے بھاری امکانات کی وجہ سے تیسرا ٹیسٹ بھی کھٹائی میں پڑنے سے بھارت کا ڈبلیو ٹی سی کا خواب آہستہ آہستہ ختم ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔
بھارت کو اب ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں کوالیفائی کرنے کے لیے پانچ میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں 4-1 سے جیت درکار ہے تاہم اگر تیسرا میچ ڈرا پر ختم ہوتا ہے، تو روہت شرما اور کمپنی کو اپنے خواب کو زندہ رکھنے کے لیے آخری دو ٹیسٹ میچوں میں سے کم از کم ایک جیتنا ہوگا۔
جیت کا مطلب یہ ہوگا کہ اگر میزبان آسٹریلیا، سری لنکا کے خلاف اپنے دونوں میچ ہار جائے تو ہندوستان کا پی سی ٹی آسٹریلیا سے بہتر ہوگا تاہم اگلے دو کھیلوں میں دو جیت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ ہندوستان ڈبلیو ٹی سی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلے گا، چاہے آسٹریلیا سری لنکا کے خلاف اپنے دونوں میچ جیت جائے۔
اگر سیریز 2-2 سے ختم ہوتی ہے اور سری لنکا دو میچوں کی سیریز میں آسٹریلیا کو 1-0 سے شکست دیتا ہے تو ہندوستان ڈبلیو ٹی سی میں کوالیفائی کر لے گا۔
اگر آسٹریلیا اس سیریز میں ایک میچ جیتتا ہے، تو یہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے لیے سفر کا خاتمہ ہوگا۔
تاہم، اس صورت میں، پاکستان ابھارت کی مدد کر سکتا ہے۔
اگر ہندوستان-آسٹریلیا سیریز 2-2 سے ختم ہوتی ہے، تو روہت شرما کی قیادت میں ٹیم ڈبلیو ٹی سی فائنل کے لیے کوالیفائی اس صورت میں کرپائے گی اگر پاکستان دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں جنوبی افریقہ کو شکست دے دے۔ اس صورت میں جنوبی افریقہ باہر ہو جائے گا جبکہ بھارت اور آسٹریلیا ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں آمنے سامنے ہوں گے۔
آسٹریلیا کو ڈبلیو ٹی سی فائنل میں کھیلنے کیلئے سری لنکا کے خلاف ڈرا کرنا ہوگا۔