پاکستان نے جنوبی افریقا کے خلاف پہلے ون ڈے کے لیے اپنی پلئینگ الیون کا اعلان کردیا۔
پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان 3 میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کا آج سے آغاز ہورہا ہے، دونوں ٹیمیں آج پارل کرکٹ گراؤنڈ میں پہلے مقابلے کے لیے ایک دوسرے کے خلاف میدان میں اُتریں گی، میچ پاکستان وقت کے مطابق شام 5 بجے شروع ہوگا۔
جنوبی افریقا کے خلاف پہلے ون ڈے کے لیے پاکستان کی فائنل الیون کا اعلان کر دیا گیا۔
پاکستان کی پلیئںگ الیون میں محمد رضوان (کپتان)، صائم ایوب، عبداللہ شفیق، بابر اعظم، کامران غلام، سلمان علی آغا، محمد عرفان خان نیازی، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف اور ابرار احمد شامل ہیں۔
جنوبی افریقا کے خلاف ون ڈے سیریز شروع ہونے سے قبل پارل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ ٹی 20 سیریز میں نتائج توقعات کے مطابق نہیں تھے، چیمپئنز ٹرافی کی تیاری کے لیے ہمارا سارا فوکس ون ڈے پر مرکوز ہے، جو ماضی کی ناکامی ہوتی ہے اس کو ماضی میں رکھتے ہیں مگر اس سے سبق سیکھتے ہیں۔
محمد رضوان کا کہنا تھا کہ ون ڈے میں ہمارا اچھا ردھم ہے اس کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے، ٹی ٹوئنٹی میں ہم نوجوان پلیئرز کو موقع دے کر تجربات کر رہے ہیں جبکہ ون ڈے سیریز میں ہم چیمپئنز ٹرافی کی تیاری ذہن میں رکھ کر میدان میں اتریں گے۔
محمد رضوان نے کہا کہ ٹیم میں تمام پلیئر کپتان ہی ہیں، ٹیم میں ”میں“ کا لفظ نہیں، ”ہم“ کا لفظ ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم ورک بہترین ہے، ہم سب متحد ہیں، جونیئر ہو یا سینیئر سب کا فوکس ٹیم کی جیت پر ہے، کنڈیشنز دیکھ کر ٹیم بنانے کی کوشش کرتےہیں ، ہر جگہ الگ کنڈیشن میں کھیل رہے ہیں۔
محمد رضوان کا کہنا تھا کہ ملک سے باہر کھیلنے میں ہمیشہ چیلنج کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جنوبی افریقا کو مومینٹم ملا ہوا ہے، وہ بھی جیت کر آرہے ہیں، ہم نے بھی آسٹریلیا میں آسٹریلیا کو ہرایا، زمبابوے میں بھی سیریز جیتی،ون ڈے سیریز میں اچھا مقابلہ ہوگا۔
یاد رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا جس کی وجہ سے جنوبی افریقا نے تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز 0-2 سے اپنے نام کی تھی۔
واضح رہے کہ پاکستان نے جنوبی افریقا آنے سے قبل عالمی چیمپئن آسٹریلیا اور زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز جیتی تھی۔