یونان: تارکین وطن کی کشتیاں ڈوبنے اور حادثے میں ہلاکتوں سے متعلق ایتھنز سفارتخانے نے تحقیقاتی رپورٹ حکومت پاکستان کو بھجوا دی۔
رپورٹ کے مطابق یونان کی سمندری حدود میں تین کشتیوں کو حادثہ پیش آیا، تینوں کشتیاں لیبیا کے علاقہ تبروک سے روانہ ہوئی تھیں، ایک کشتی میں چھ پاکستانیوں سمیت 45 افراد سوار تھے، پہلی کشتی میں سوارپاکستانی لڑکے سمیت تمام افراد کو بچالیا گیا، دوسری کشتی میں 5 پاکستانیوں سمیت 47 افراد سوار تھے اور ان تمام افراد کو بھی بچا لیا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تیسری کشتی میں 83 افراد سوار تھے جن میں 76 پاکستانی، 3 بنگلا دیشی، 2 مصری اور 2 سوڈانی ڈرائیور شامل تھے، کشتی کے 39 افراد کو ریسکیو کیا گیا جن میں 36 پاکستانی شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق تیسری کشتی میں سوار 39 افراد تاحال لاپتا ہیں جن میں 35 پاکستانی ہیں، جب کہ ریسکیو کیے گئے افراد میں کشتی کا سوڈانی ڈرائیور بھی شامل ہے جسے گرفتار کرلیا گیا ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ تیسری کشتی میں سوار 5 افراد کی لاشیں ملیں جو پاکستانی ہیں، ان کا تعلق سیالکوٹ،گجرات اور منڈی بہاؤالدین سے ہے، 5 افراد میں سے 4 کی شناخت سفیان، رحمان علی، حاجی احمد اور عابد کے نام سے ہوئی جب کہ ایک لاش کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی۔