Aaj Logo

شائع 16 دسمبر 2024 05:41pm

عمران خان مؤقف پر قائم، اڈیالہ جیل سے فیصل چوہدری کے ذریعے اہم پیغام جاری

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان کو جیل میں قید ہوئے 500 دن مکمل ہوگئے ہیں لیکن وہ آج بھی پہلے دن کی طرح اپنے مؤقف پر قائم ہیں کہ ساری زندگی جیل میں رہ لوں گا لیکن جھکوں گا نہیں۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما فیصل چوہدری نے کہا کہ تمام تر ہتھکنڈوں کے باوجود عمران خان ڈٹ کر کھڑا ہے، وہ نہ گھبرایا اور نہ ہی ٹوٹا، موجودہ حکومت خوف کے سہارے پر قائم ہے، جس روز یہ خوف ختم ہوگیا یہ حکومت تنکوں کی طرح بکھر جائے گی۔

فیصل چوہدری نے کہا کہ ملک میں عدل کے نظام پر سنگین سوالات ہیں، عمران خان کو جیل میں دی جانے والی سہولیات پھر روک دی گئی ہیں، پی ٹی آئی کے جن رہنماؤں نے 9 مئی کے خلاف پریس کانفرنس نہیں کی، وہ درجنوں مقدمات میں نامزد ہیں، جبکہ پریس کانفرنس کرنے والے آزاد ہوگئے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جیل حکام عدالتوں کے احکامات نہیں مان رہے لیکن اس پر کوئی ایکشن نہیں لیا جارہا، جس پر ہمیں سخت مایوسی ہے، 26 ویں آئینی ترمیم کے ذریعے سپریم کورٹ کو کریش کردیا گیا جبکہ میڈیا کا گلا بھی گھونٹ دیا گیا ہے۔

علی امین گنڈاپور کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہ مل سکی، انتظار کے بعد واپس روانہ

عمران خان کے وکیل کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران خان قوم کی خاطر ہر طرح کی قربانی دے رہے ہیں جبکہ ان کا خاندان اور کارکنان بھی قربانیاں دے رہے ہیں، آج بھی ملاقات میں بانی پی ٹی آئی نے شہدا اور لاپتہ افرد کا پوچھا۔

فیصل چوہدری نے کہا کہ عدالتوں میں جس طرح کیسز چلائے جارہے ہیں ہم اس پر ملکی سمیت بین الاقوامی فورمز پر بھی آواز اٹھائیں گے، ہمارے پاس کوئی بندوق نہیں، ہم آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

Read Comments