Aaj Logo

شائع 16 دسمبر 2024 08:54am

کراچی سمیت ملک کے بیشتر شہروں میں آج بھی سردی، پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر شہروں میں آج بھی شدید سردی کا امکان ہے جبکہ پہاڑوں پر برفباری اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی پیشگوئی ہے جبکہ بلوچستان کی یخ بستہ ہواؤں نے کراچی کا موسم مزید سرد کردیا۔

ملک کے بالائی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں تاہم برفباری سے پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں سب سے کم درجہ حرارت اسکردو اور استور میں منفی11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہنزہ میں منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

اس کے علاوہ گلگت، بگروٹ اور قلات منفی 05، کوئٹہ منفی 2، اسلام آباد ایک، پشاور، مظفر آباد 2، ملتان، بہاولپور، سکھر، بنوں 5، لاہور، نواب شاہ اور جموں میں درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سردی کے باعث لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔

بلوچستان کی یخ بستہ ہواؤں نے کراچی کا موسم مزید سرد کردیا، رات گئے درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات نے ملک بھر کے موسم کے حوالے سے اہم پیشگوئی کردی

ملک میں بارش اور شدید برفباری سے سردی میں اضافہ، شاہراہ قراقرم بند

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد بھی شدید سردی کی لپیٹ میں ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق سردی کی لہر آئندہ 2 سے 4 روز تک برقرار رہے گی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جڑواں شہروں سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم آج بھی شدید سرد اور خشک رہے گا جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔

صبح کے اوقات میں شمال مشرقی پنجاب اور بالائی سندھ کے بعض علاقوں میں ہلکی دُھند چھائے رہنے کی توقع ہے جبکہ چترال، دیر، سوات اور کرم میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

دوسری جانب آج کوئٹہ، چمن، زیارت، پشین، چاغی اور قلعہ عبداللّٰہ میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔

Read Comments