Aaj Logo

شائع 15 دسمبر 2024 11:11pm

دونوں ایوان کے اجلاس کل طلب، سینیٹ کا 32 اور قومی اسمبلی کا 10 نکاتی ایجنڈا جاری

دونوں ایوان قومی اسمبلی اور سینیٹ کا اجلاس کل بروز پیر کو طلب کرلیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سینیٹ کا اجلاس کل شام 4 بجے جبکہ قومی اسمبلی کا اجلاس کل شام 5 بجے ہوگا۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے اجلاس کے لیے 32 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے۔

اراکین سینیٹ کی جانب سے مختلف بل پیش کیے جائیں گے۔ علاوہ ازیں قومی اسمبلی کے اجلاس کا 10نکاتی ایجنڈا جاری ہوگیا ہے۔

سینیٹ ایجنڈے میں قومی کمیشن برائے خواتین ترمیمی ایکٹ 2024، بینکنگ کمپنیز ترمیمی بل 2024، لیگل پریکٹیشنر اور بار کونسل ترمیمی بل 2024، پاکستان پینل کوڈ ترمیمی بل 2024 کے مختلف سیکشنز میں ترامیم، نیشنل کمیشن برائے انسانی حقوق ترمیمی بل 2024 اور مختلف قائمہ کمیٹیوں کی جانب سے بھی بل سینیٹ ایجنڈے کی کارروائی کا حصہ ہوں گے۔

سپریم کورٹ میں ججز کی تعداد سے متعلق بل سینیٹ سے واپس لیا جائے گا، جو سینیٹر محمد عبد القادر کی جانب سے 2 ستمبر کو پیش کیا گیا تھا۔

علاوہ ازیں کسانوں پر زرعی انکم ٹیکس کے نفاذ سے متعلق بحث بھی کارروائی کا حصہ ہوگی، جس کے لیے سینیٹر ذیشان خانزادہ تحریک پیش کریں گے۔

نشے کے استعمال میں اضافے سے متعلق بحث کا توجہ دلاؤ نوٹس بھی پیش کیا جائے گا، جس کی تحریک سینیٹر کامران مرتضیٰ پیش کریں گے۔ یہ اجلاس اہم بلز اور موضوعات پر بحث و مباحثے کا موقع فراہم کرے گا۔

دوسری جانب قومی اسمبلی میں نجی ایئر لائنز کی طرف سے مختلف ایئر روٹس پر پروازیں نہ چلے سے متعلق توجہ دلاو نوٹس شامل ہے جبکہ پاکستان لینڈ پورٹ اتھارٹی کے قیام کا بل قانون سازی کے لئے پیش ہوگا۔

قومی اسمبلی کے ایجنڈے میں ڈیجیٹل نیشن پاکستان بل2024 بھی موجود ہے۔ نیشنل فارنزکس ایجنسی کے قیام کا بل پر قانون سازی کی جائے گی جبکہ ملک میں سست انٹرنیٹ اسپیڈ سے متعلق توجہ دلاو نوٹس بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔

Read Comments