سانحہ آرمی پبلک اسکول (اے پی ایس) کو دس برس بیت گئے ہیں، لواحقین کے زخم آج بھی تازہ لیکن حوصلے پہاڑ سے بلند ہیں۔
16 دسمبر 2014 پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا جب کالعدم تحریک طالبان کے چھ دہشت گردوں نے اے پی ایس پر بزدلانہ حملہ کرکے 132 طالب علموں اور عملے کے 17 افراد کو شہید کر دیا تھا۔
سانحہ اے پی ایس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نئی روح پھونکی جس کے نتیجے میں نیشنل ایکشن پلان تشکیل پایا اور قبائلی علاقوں سے دہشت گردی کا خاتمہ ممکن ہوا۔
دس برس بعد بھی سانحہ آرمی پبلک اسکول کا غم آج بھی تازہ ہے، شہید ہونے والے بچوں کی یادوں نے مختلف خاندانوں کو آپس میں جوڑ دیا، ایک شہید کے گھر میں اکٹھے ہو کر والدین اپنا غم ایک دوسرے کے ساتھ بانٹتے ہیں۔
پشاور کے تعلیمی اداروں میں آج تعزیتی اجتماعات ہوں گے، جن میں شہدا کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔
آرمی پبلک اسکول سمیت دیگر تعلیمی اداروں کے باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جارہے ہیں۔
پنجاب کے اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے اتوار کو جاری کردہ ایک نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ ”سیکیورٹی کی صورتحال“ کی وجہ سے پنجاب اور اسلام آباد کے اسکول پیر کو بند رہیں گے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق ’صوبے کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر فیصلہ کیا گیا ہے کہ پنجاب میں تمام سرکاری اور نجی اسکول 16 دسمبر 2024 (پیر) کو بند رہیں گے‘۔
نوٹی فکیشن نے مزید کہا گیا کہ ’تمام دفاتر کھلے رہیں گے اور اپنے کام معمول کے مطابق انجام دیں گے۔‘
اسلام آباد کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ عرفان نواز میمن کی طرف سے جاری کردہ ایک علیحدہ نوٹی فکیشن میں یہ بھی حکم دیا گیا ہے کہ ’اسلام آباد کی حدود میں تمام سرکاری/نجی اسکول اور کالج 16 دسمبر 2024 (پیر) کو بند رہیں گے‘۔
اسی طرح لاہور کے ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) سید موسیٰ رضا نے 16 دسمبر کو ’ضلع لاہور کے علاقائی دائرہ اختیار میں تمام سرکاری اور نجی اسکولوں اور کالجوں میں تعطیل‘ کا اعلان کرتے ہوئے ایک نوٹی فکیشن جاری کیا۔
راولپنڈی کے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر حسن وقار چیمہ نے بھی حکومت پنجاب کے حکم پر ضلع کے تمام سرکاری اور نجی سکولوں میں ”چھٹی“ کا اعلان کر دیا۔
ڈاکٹر چیمہ نے بتایا کہ 16 دسمبر کو ہونے والے امتحانات بھی ملتوی کر دیے گئے ہیں۔
اگرچہ اسلام آباد اور لاہور میں اسکول بندش کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی۔ راولپنڈی کے ڈی سی نے بتایا کہ 2014 میں پشاور میں آرمی پبلک اسکول (اے پی ایس) حملے کی دسویں برسی کے موقع پر ضلع میں اسکول بند کیے جا رہے ہیں۔
ملک کی تاریخ کے مہلک ترین دہشت گردانہ حملے میں 131 اسکول کے بچے اور 10 دیگر افراد اس وقت شہید ہوئے جب 16 دسمبر 2014 کو بھاری ہتھیاروں سے لیس عسکریت پسندوں نے اسکول کی عمارت پر دھاوا بول دیا تھا۔