Aaj Logo

شائع 15 دسمبر 2024 08:26am

بالائی علاقوں میں برف باری کے بعد سیاحوں کی آمد، جھیلیں آبشاریں منجمد

ملک کے بالائی علاقوں میں برف باری کے بعد ملک بھرمیں موسم مزید سرد ہوگیا ہے، اور سیاحوں کی بڑی تعداد برفیلے علاقوں کا رخ کررہی ہے۔

برف باری کے بعد شوگران میں سیاحوں کی بڑی تعداد پہنچ چکی ہے، اس کے علاوہ وادی سوات کے سیاحتی مقامات مالم جبہ، کالام اور مہوڈنڈ میں بھی برفباری سے نظارے اور بھی حسین ہوگئے۔

گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد گرنے سے جھیلیں اور آبشار جم گئی ہیں۔

ملکہ کوہسار مری اور آزاد کشمیر میں سردی بڑھی تو لوگوں کے دانت بجنے لگے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم آج سرد اور خشک رہے گا جبکہ پہاڑی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔

رات کے اوقات میں شمال مغربی بلوچستان میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوسکتی ہے۔

جنوبی پنجاب میں صبح اور رات کے اوقات میں ہلکی دُھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔

Read Comments