Aaj Logo

شائع 14 دسمبر 2024 10:34pm

ڈی چوک احتجاج سے گرفتار 81 ملزمان رہائی کے بعد پھر گرفتار

انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے ڈی چوک میں پی ٹی آئی احتجاج کے دوران گرفتار81 ملزمان کو رہا کرنے کا حکم دے دیا، تاہم اسلام آباد پولیس نے تمام ملزمان کو دوبارہ گرفتار کرلیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت میں جیل بھیجے گئے 100 سے زائد مظاہرین کو شناخت پریڈ کیلئے جج ابو الحسنات ذوالقرنین کے سامنے پیش کیا گیا تھا۔

وکیل انصر کیانی نے ڈسچارج ہونے والے ملزمان کی دوبارہ گرفتاری پرعدالت کو آگاہ کر دیا، ملزمان کو دوبارہ پکڑنے پر ان کے اہل خانہ نے بھی شدید احتجاج کیا اور پولیس سے ہاتھا پائی کی۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران گرفتار کارکنان کی پیشیوں کا سلسلہ جاری ہے، عدالت میں پیشی کے موقع پر بھاری پولیس نفری تعینات کردی گئی۔

جوڈیشل کمپلیکس کے باہر پولیس نے صحافیوں کو پیچھے دھکیل دیا، ایس ایچ او اشفاق وڑائچ نے صحافیوں کو دھمکیاں دیتے ہوئے کہا کہ اگر پیچھے نہ ہٹے تو گرفتارکروا دونگا۔

دریں اثنا سماعت کے موقع پرعدالت نے تھانہ کھنہ کے 54، آئی نائن کے 16 اور تھانہ کوہسار کے 11 ملزمان کو ان کے مقدمات سے رہا کر دیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت نے تھانہ کوہسار کے 48 ملزمان کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

Read Comments