بھارت سے آئے روز انوکھے اور دلچسپ واقعات منظرعام پر آتے رہتے ہیں، ریاست بہار کے شہر پٹنہ میں سرکاری اسکول کے استاد کو اغوا کے اس کی اسلحہ کی نوک پرخاتون سے زبردستی شادی کرا دی گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پٹنہ کے رہائشی اونیش کمار مقابلے کا امتحان پاس کرکے سرکاری اسکول کے استاد بن گئے۔لیکن ان کے ساتھ اچانک بہت کچھ ہوگیا، انہیں بعض لوگوں نے اغوا کے بعد خاتون سے شادی پرمجبور کیا۔
اونیش کمار کے مطابق اسکول جانے کے دوران راستے میں دو گاڑیوں میں کچھ لوگ آئے اور اسے زبردستی اپنے ساتھ لے گئے اوراس کے بعد گنجن نامی خاتون سے زبردستی شادی پراصرارکیا۔
سرکاری اسکول کے استاد سے شادی کرنے والی لڑکی گنجن نے اس پر الزام عائد کیا کہ دونوں کا 4 سال سے تعلق تھا، اس دوران اونیش نے شادی کا وعدہ بھی کیا تھا۔
خاتون کا کہنا تھا کہ ایک دوسرے سے محبت کے دوران ہم نے شادی کے منصوبے بنا رکھے تھے، میں نے اپنے گھر والوں کو بتانے کے بعد اونیش سے بات کی تو اس نے شادی سے صاف انکار کردیا۔
تین دن قبل گنجن کے اہل خانہ نے مبینہ طور پر ان دونوں کو ایک ساتھ دیکھا تھا جس کے بعد اونیش کو اغوا کرکے اس کی مندر میں زبردستی شادی کروائی گئی۔
واقعہ کی ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھی، جس میں اونیش کو دباؤ کے تحت ہندو رسم ورواج کے مطابق شادی کی رسمیں ادا کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
شادی کے بعد گنجن اہل خانہ کے ساتھ اونیش کے گھرپہنچی، لیکن اونیش کے گھروالوں نے اسے بہو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔ جبکہ اونیش فرار ہو گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق لڑکی گنجن نے مقامی پولیس میں شکایت درج کراتے ہوئے انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔
سرکاری ماسٹر جی نے کہا کہ میرے گنجن سے تعلقات نہیں تھے، اس لڑکی نے مجھے ہراساں کیا اور بار بار میرا پیچھا کیا۔ اس کے بعد کچھ افراد نے مجھے اغوا کرکے مارا پیٹا اور زبردستی شادی پر مجبور کیا۔
متاثرہ ٹیچراونیش نے بھی اپنے اغوااورتشدد پر پولیس میں شکایت درج کروائی ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی ریاست بہار میں زبردستی شادی کے واقعات تیزی سے بڑھ رہے ہیں، پولیس کے مطابق رواں برس 2024 میں زبردستی شادی کے سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔