Aaj Logo

اپ ڈیٹ 13 دسمبر 2024 10:22pm

جعلی بلڈرز اور لینڈ مافیا کے خلاف گھیرا تنگ، زمینوں کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کرنے کا فیصلہ

جعلی بلڈرز اور لینڈ مافیا کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے زمینوں کا سارا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کرنے کا فیصلہ کرلیا

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے یہ فیصلہ بورڈ آف ریونیو کے اہم اجلاس میں کیا، جس کی صدارت انہوں نے خود کی۔

اجلاس میں ریکارڈ آف رائٹس کی دوبارہ تحریر اور ڈیجیٹلائزیشن پر تفصیلی غور کیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ریکارڈ آف رائٹس پچھلے 60 سے 70 سال سے مینوئل طریقے سے تیار ہو رہا ہے، جو اب ہر صورت ختم ہونا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ریکارڈ آف رائٹس کو 1985 میں دوبارہ ترتیب دیا گیا تھا مگر وہ بھی صرف اسکین کرکے رکھا گیا جس کا عوام کو کوئی فائدہ نہیں ہوا۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ 2019-20 میں بورڈ آف ریونیو نے ریکارڈ کا جائزہ لے کر 4 لاکھ 96 ہزار سے زائد انٹریز کو مشکوک قرار دے کر بلاک کر دیا تھا، جس سے لاکھوں افراد کو مسائل کا سامنا ہوا۔

انہوں نے کہا کہ قانونی تقاضے پورے کیے بغیر کسی انٹری کو مشکوک قرار نہیں دیا جا سکتا، اور اب اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ اصل حقدار کو اس کا جائز حق ملے۔

مراد علی شاہ نے بورڈ آف ریونیو کو ہدایت دی کہ ریکارڈ کی تحریر نو کے عمل کو شفاف اور سادہ بنایا جائے، تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔ انہوں نے چیف سیکریٹری کو 2 ہفتے میں ڈیجیٹل فارم ڈیزائن کرکے پیش کرنے کی ہدایت دی۔

Read Comments