فتنہ الخوارج کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں، 9 دسمبر سے اب تک 43 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا، ان میں سے 18 کے پی اور 25 بلوچستان میں ہلاک کئے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں انٹیلیجنس بیسڈ اپریشن کرکے فتنہ الخوارج اور دیگر دہشت گرد گروہوں کو بڑا دھچکا پہنچایا ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق 12 اور 13 دسمبر کی رات سیکیورٹی فورسز نے لکی مروت میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں خوارج کے ٹھکانے کے خلاف موثر کارروائی کی، جس میں 6 خارجی مارے گئے۔
فوجی ترجمان کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ بلوچستان کے علاقہ موسی خیل اور پنجگور میں سیکیورٹی فورسز نے 2 انٹیلیجنس بیسڈ اپریشنز کیے ، جن میں 10 دہشت گرد ہلاک کر دئیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق رواں ماہ 9 دسمبر سے اب تک بلوچستان میں مختلف کارروائیوں کے دوران 25 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز وطن عزیز سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں ، خوارج کے مکمل خاتمے اور امن کی بحالی تک سیکیورٹی فورسز کے آپریشنز جاری رہیں گے۔