Aaj Logo

شائع 13 دسمبر 2024 12:10pm

جعلی حکومت کا عمران خان کے ملٹری ٹرائل کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا: بیرسٹر سیف

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہنا ہے کہ جعلی حکومت نے عمران خان کے ملٹری ٹرائل کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگایا ہوا ہے لیکن ان کا ملٹری ٹرائل کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا، سیاسی مافیا کو عمران خان مائنس کرنے میں ہی اپنی بقا نظر آرہی ہے۔

اپنے ایک بیان میں صوبائی مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ جعلی حکومت کا عمران خان کے ملٹری ٹرائل کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا، جعلی حکومت نے ملٹری ٹرائل کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگایا ہوا ہے، جعلی حکومت اپنے سیاسی مفادات کے لیے فوج اور عوام کے درمیاں تلخیاں پیدا کرنے کی ناکام کوششیں بند کرے۔

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا نے کہا کہ سیاسی مافیا کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کو مائنس کرنے میں ہی اپنی بقا نظر آرہی ہے لیکن سابق وزیراعظم ایک ملک گیر پارٹی کے سربراہ اور کروڑوں دلوں کی دھڑکن ہیں، جعلی حکومت کا یہ اقدام جمہوریت پر شب خون مارنے کی ایک اور کوشش ہے۔

بیرسٹر سیف کا مزید کہنا تھا کہ جعلی حکومت نے سول نافرمانی پر آسمان سر پر اٹھایا ہوا ہے جبکہ ملٹری ٹرائل کی حمایت کررہی ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ جعلی حکومت پی ٹی آئی کے بغض میں ہر حد تک جانے کے لیے تیار بیٹھی ہے۔

Read Comments