توشہ خانہ ٹو کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد کردی گئی ہے، تاہم ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا ہے، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی پر الزامات کی تفصیلات بھی سامنے آگئی ہیں۔
توشہ خانہ ٹو کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی پر عائد فرد جرم کے مطابق 2021 میں دورہ سعودی عرب کے دوران بلگاری جیولری سیٹ توشہ خانہ میں جمع نہیں کرایا گیا، نہ ہی بلگاری سیٹ کی مکمل تفصیلات توشہ خانہ میں جمع کروائی گئیں۔
بلگاری جیولری سیٹ وزیر اعظم کی اہلیہ کو ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے دیا گیا تھا، جس میں ایک عدد بریسلٹ، انگوٹھی، جھمکے اور نیکلس بھی شامل تھا۔
بلگاری جیولری سیٹ بیش قیمت اور نوادراتی تھا، سیٹ میں شامل انگوٹھی میں گلابی رنگ کا ہیرا جڑا تھا، بریسلٹ میں بھی گلابی ہیرے اور دیگر جواہرات جڑے تھے، نیکلس میں بھی بیش قیمت موتی اور ہیرے لگے تھے۔
الزامات کے مطابق ملزمان نے پرائیویٹ فرم سے جیولری سیٹ کی قیمت صرف 52 لاکھ روپے لگوائی اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے 29 لاکھ روپے ادا کئے۔
جبکہ بلگاری سیٹ کی اصل قیمت 7 کروڑ 15 لاکھ روپے سے زائد ہے۔