وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرین کے بانی پرویز خٹک نے ملکی ترقی میں رکاوٹ ڈالنے والوں سے سختی سے نمٹنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی سے تحریک انصاف پارلیمنٹرین کے بانی پرویز خٹک نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، ملک کی مجموعی صورتحال اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پرویز خٹک اورمحسن نقوی کی ملاقات کے دوران خیبرپختونخوا میں امن و امان کے قیام سے متعلق اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی۔
دوران ملاقات دونوں رہنماؤں نے پاکستان کی ترقی میں رکاوٹیں ڈالنے والے عناصر کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر تحریک انصاف پارلیمنٹرین کے بانی پرویز خٹک نے اسلام آباد میں احتجاج کے دوران شر پسندوں کے حملے میں شہید پولیس اور رینجرز اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا ہے اور سب نے مل کر اسے آگے لے کر جانا ہے، عوام صرف اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں، پاکستان کا مستقبل تابناک ہے، دنیا کی کوئی طاقت ترقی نہیں روک سکتی۔